کویت میں ایک بارپھرشاہی فرمان کے ذریعے پارلیمان تحلیل

کویت سٹی (مشرق نیوز) کویت میں شاہی فرمان کے ذریعے ایک مرتبہ پھرپارلیمان تحلیل کر دی گئی ہے۔اسے مارچ میں آئینی عدالت کے فیصلے کی بنیاد پربحال کیا گیا تھا۔کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ مقننہ تحلیل کر دی جائےگی اور آئندہ مہینوں میں نئے پارلیمانی انتخابات کرائے جائیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کویتی حکومت اور منتخب پارلیمان کے درمیان طویل عرصے سے اختلافات رہے ہیں جس کی وجہ سے وسیع ترمالیاتی اصلاحات متاثر ہوئی ہیں۔2020 میں منتخب پارلیمان کو گذشتہ سال تحلیل کر دیا گیا تھا تاکہ اس جھگڑے کو ختم کیا جا سکے اور گذشتہ سال ستمبر میں انتخابات ہوئے تھے جس میں حزب اختلاف کو کامیابی حاصل ہوئی لیکن آئینی عدالت نے مارچ میں ان نتائج کو کالعدم قراردے دیا اور پچھلی اسمبلی کو بحال کردیا تھا۔ولی عہد شیخ مشعل نے اسمبلی کی تحلیل کیلئے شاہی فرمان پر دستخط کئے ۔ انہیں2021کے آخرمیں حکمران امیرشیخ نواف الاحمد الصباح کی زیادہ تر ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔کویت کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے جاری کردہ بیان کے مطابق کابینہ نے یہ حکم نامہ شیخ مشعل کو پیش کیا تھا۔