سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دیوانی مقدمے کا سامنا

واشنگٹن (مشرق نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس الزام میں دیوانی مقدمے کا سامنا ہے کہ انہوں نے 1990 کی دہائی کے وسط میں کالم نگار ای جین کیرول کو ایک ڈپارٹمنٹ اسٹور کے ڈریسنگ روم میں ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔رپورٹ کے مطابق مین ہٹن کی وفاقی عدالت میں ایلے میگزین کی سابق ایڈوائس کالم نگار کے اِس کیس میں گزشتہ روز جیوری کا انتخاب شروع ہوا، مقدمے کی سماعت ایک سے دو ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ای جین کیرول نے ٹرمپ پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کیا ہے، 76 سالہ ٹرمپ نے 79 سالہ ای جین کیرول کو ریپ کا نشانہ بنانے کی تردید کی ہے۔انہوں نے اکتوبر 2022 مین اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اس دعوے کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ’ای جین کیرول شہرت کے لیے یہ الزامات لگا رہی ہیں، وہ میرے ٹائپ کی نہیں ہیں۔یہ کیس ڈونلڈ ٹرمپ کو درپیش متعدد مقدمات اور تحقیقات کا حصہ ہے اور یہ سیاسی طور پر ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ گواہان ان پر مبینہ جنسی بدسلوکی کے الزامات عائد کرتے ہیں جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل ان الزامات کی تردید کرتے آئے ہیں۔