اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان کا آئین آزادی صحافت و شہریوں کی درست معلومات تک رسائی کے حق کا ضامن ہے، بدقسمتی سے پاکستان میں 2018سے 2022تک صحافت کٹھن دور سے گزری ، پی ٹی آئی کے 4 سالہ دور میں ایسی پر اسرار سنسر شپ جاری تھی جس نے صحافیوں کو خوفزدہ کیا،عمران خان کو عالمی ادارے نے ”پریس فریڈم پریڈیٹر “کا شرمناک خطاب دیا، عمران خان نے نہ صرف صحافیوں کی آواز بند کی بلکہ قلم توڑے،اغواکیا، گولیاں ماریں۔
آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے بیان میں وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت پریس کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے،آئین آزادی صحافت و شہریوں کی درست معلومات تک رسائی کے حق کی ضمانت دیتا ہے،2017میں ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 139ویں نمبر پر تھا ، پی ٹی آئی کی میڈیا دشمن پالیسیوں کے باعث پاکستان کی درجہ بندی میں 12پوائنٹ کی مزید کمی ہوئی، پی ٹی آئی کا 4سالہ دور صحافیوں کےلئے خطرناک تھا۔
سابق حکومت نے ریاست کی طرف سے صحافیوں کی زبان بندی کےلئے دباﺅ بڑھایاانہوں نے اپنی غلطیوں پر نظرثانی کرنے کی بجائے اپنی ناکامیوں کا غصہ صحافیوں و صحافتی اداروں پر نکالا،وزیر اطلاعات نے کہا ملک میں اب صحافت مکمل طور پر آزاد ہے،صحافی معاشرے کو طاقتور بناتے ہیں، کہاوت ہے معلومات میں طاقت ہے اور صحافی آپ کو وہ طاقت دیتا ہے،حکومت صحافیوں کے تحفظ کےلئے عملی اقدامات اٹھاتی رہے گی۔
صحافت مکمل آزاد،عمران دور صحافیوں کیلئے خطرناک ترین،بدترین ظلم کیے گئے،مریم اورنگزیب



















