اسلام آباد:(لیڈرنیوز) وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر الزامات کے معاملے پر تحریری معافی مانگ لی۔ الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن پر الزامات کے کیس میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس کی سماعت کی۔ بنچ نے بیرسٹر علی ظفر سے پوچھا کہ اعظم سواتی کہاں ہیں؟ وکیل نے کہا کہ اعظم سواتی آج یہاں نہیں ہیں اس لیے پیش ہوا ہوں، میں نے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی ہے۔سندھ سے الیکشن کمیشن کے رکن نے استفسار کیا کہ کیا اعظم سواتی الیکشن کمیشن کو نظر انداز کررہے ہیں؟ وہ گزشتہ سماعت پر سینیٹ میں تھے لیکن یہاں نہیں آئے۔ وکیل نے جواب دیا کہ اعظم سواتی دو بار الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ اعظم سواتی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے الیکشن کمیشن میں تحریری معافی نامہ جمع کرا دیا۔ علی ظفر نے الیکشن کمیشن کے سامنے تحریری معافی نامہ پڑھ کر سنایا۔اعظم سواتی نے اپنے معافی نامے میں کہا کہ اگر ان کی باتوں سے الیکشن کمیشن کے دل کو ٹھیس پہنچی تو وہ معذرت خواہ ہیں، الیکشن کمیشن کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کو کبھی متنازعہ بنانے کی کوشش نہیں کی، وفاقی وزیر ہوں، ہمیشہ اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا ممبر سندھ نے کہا کہ تمام ادارے ایک دوسرے کا احترام کریں، اعظم سواتی کو پیش ہو کر معافی مانگنی ہوگی۔الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی، سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ریاستی اداروں کا احترام اور انہیں بااختیار بنانا ہر شہری کا فرض ہے۔ ہم نے باضابطہ معافی نامہ جمع کرا دیا ہے، آئندہ سماعت 22 دسمبر کو ہو گی۔
# Azam Swati has apologized in writing on the issue of allegations against the Election Commission



















