ایران پرتباہ کن حملے،ایران کی پوری تہذیب ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی،ٹرمپ


تہران،تل ابیب،واشنگٹن،دوحہ،ریاض،ابوظہبی:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ایرانی جزیرے خارگ، ریلوے ،آئل تنصیبات، پلوں پر تباہ کن حملے،یہودی عبادت گاہ ملیا میٹ، متعدد افراد شہید،تہران کا بھرپور جواب،امریکی تنصیبات و اسرائیلی فوجی اہداف نشانہ،صدر ٹرمپ نے ایران کی پوری تہذیب ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کی دھمکی دےدی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی و اسرائیلی طیاروں نے خارگ جزیرے ،ریلوے ،آئل تنصیبات، پلوں کو نشانہ بنایا،متعدد مقامات دھماکوں سے گونج اٹھے،یہودی عبادت گاہ مکمل تباہ،متعدد افراد شہید ہوگئے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ایران کا سب سے بڑا پیٹرو کیمیکل پلانٹ تباہ کر دیا ، پاسداران انقلاب کا مالیاتی نظام منظم طور پر ناکارہ بنا رہے ہیں، 2بڑے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کو بھی نشانہ بنایا،ایران نے جوابی حملوں میں امریکی تنصیبات ،اسرائیلی فوجی اہداف پر میزائل وڈرون برسائے۔

پاسداران انقلاب نے سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل پلانٹ پر حملوں کی ذمہ دری قبول کر تے ہوئے کہاالجبیل میں امریکی کمپنیوں کو میزائلوں ،ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ، جعیمہ میں امریکی کمپنی شورڈن فلپس کے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پر حملہ کیا گیا، نشانہ بننے والی امریکی کمپنیوں میں صدرہ، ایکسن موبل اور ڈارک کیمیکلز شامل ہیں،سعودی عرب میں پلانٹس پر حملہ شیراز میں ملکی تنصیبات پر حملوں کا جواب ہے۔

سعودی وزارت دفاع نے کہا ملکی فضائی حدود میں 11میزائلوں ،18ڈرونز کو تباہ کردیا، میزائلوں کا ملبہ گرنے سے توانائی تنصیبات کو نقصان پہنچا، سکیورٹی وجوہات کی بنا پر سعودی عرب ،بحرین کو ملانے والا واحد پل کنگ فہد کازوے کئی گھنٹے بند رکھنے کے بعد دوبارہ ٹریفک کیلئے کھول دیا ،کویت میں امریکی بیس پر حملے میں15 امریکی فوجی زخمی ہوگئے۔

دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار دھمکی دیتے ہوئے کہا ایران کی پوری تہذیب ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی،دوبارہ کبھی واپس نہیں لایا جا سکے گا،نہیں چاہتا ایسا ہو لیکن غالباً ہو جائےگا،ایران میںمکمل رجیم تبدیل کردی ،مختلف، زیادہ ذہین اور کم انتہا پسند سوچ رکھنے والے لوگ غالب ہوں گے تو شاید کوئی انقلابی و شاندار چیز وقوع پذیر ہو جائے۔

ٹرمپ نے کہا اقدام دنیا کی طویل و پیچیدہ تاریخ کے سب سے اہم لمحات میں سے ایک ہو سکتا ہے، 47سال کی بلیک میلنگ، کرپشن اور خونریزی کا خاتمہ ہوجائے گا،ایران کے عظیم عوام پر خدا کی رحمت ہو!،۔

ادھر پاسداران انقلاب نے کہا دہشتگرد امریکی فوج نے سرخ لائن کراس کی تو ردعمل صرف خطے تک محدود نہیں رہے گا، قومی سلامتی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کےلئے ہر ممکن اقدام کرینگے۔

دریں اثنا ترجمان قطری وزارت خارجہ ماجد النصاری نے کہا ایران جنگ ایسے موڑ پر جہاں کشیدگی قابو سے باہر ہو سکتی ہے،جنگ اگر جاری رہی تو کوئی بھی ونر نہیں ہوگا، ثالثی کےلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ،کسی بھی فریق کی طرف سے شہری و توانائی کے ڈھانچے پر حملے ناقابل قبول ہیں،اہم ترجیح سمندری گزرگاہ کودوبارہ کھولنا ہے۔