ایران بھیک مانگ رہا،جلد معاہدہ نہ کیا تو نتائج سنگین ہوں گے،ٹرمپ

واشنگٹن،تہران :(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے تہران کی فوجی صلاحیت ،ڈرونز ،نیوی ، ریڈار سسٹم اور فضائیہ کو مکمل ختم کر دیا،ایران پاگل ملک اب معاہدے کیلئے بھیک مانگ رہا ہے۔

پریس کانفرنس اورٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں امریکی صدر نے کہاباراک اوباما نے ایران کےساتھ بدترین ڈیل کی تھی،میں زبردست مذاکرات کار ہوں،ایران پر حملہ نہ کرتے تو 2 ہفتے میں ایٹمی ہتھیار بنا لیتا،بی ٹو بمبار طیاروں کے ذریعے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا،ایران مشرق وسطیٰ کو کنٹرول کرنا چاہتا تھا ،کوئی بھی عقلمند شخص کی کہانی پر یقین نہیں کرے گا،ایران کا مواصلاتی نظام مکمل طور پر ختم ہوچکا،امریکہ کو کسی ملک کی مدد کی ضرورت نہیں،نیٹو کاغذی شیر کے سوا کچھ نہیں ، دیکھتے ہیں صحیح ڈیل کرسکتے ہیں یا نہیں،ایران کے پاس موقع ہے جوہری ہتھیار ختم کردے، امید ہے آبنائے ہرمز کھل جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے وارننگ دیتے ہوئے کہاڈیل کا وقت گزر رہا ہے ، تہران کو دیر ہونے سے پہلے سنجیدہ ہونا ہوگا،ایرانی مذاکرات کاروں کا رویہ غیر معمولی و عجیب ، جلد سنجیدگی نہ دکھائی تو نتائج سنگین ہوں گے،ایرانی مذاکرات کار معاہدہ کرنے کےلئے منتیں کر رہے ہیں،ایران فوجی طور پر شدید نقصان اٹھا چکا ،دوبارہ طاقت حاصل کرنے کا کوئی حقیقی موقع نہیں،سنجیدگی کےساتھ مذاکرات کی طرف آنا چاہیے،ایران نے عوامی سطح پر تاثر دیاصرف امریکی تجویز کا جائزہ لے رہا حالانکہ حقیقت برعکس ہے۔

ٹرمپ نے خبردار کیا اگر ایران نے جلد سنجیدگی نہ دکھائی تو صورتحال ایسے مرحلے میں داخل ہوسکتی ہے جہاں واپسی ممکن نہیں ہوگی اور نتائج انتہائی سخت ہوسکتے ہیں، نیٹو ممالک نے ایران کے معاملے میں بالکل کچھ نہیں کیا ،اہم وقت کو یاد رکھا جائے گا۔

قبل ازیں ریپبلکن پارٹی کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا ایرانی رہنما شدید خواہش رکھتے ہیں معاہدہ طے پا جائے لیکن اندرونی و بیرونی نتائج کے خوف سے ایسا نہیں کر پا رہے،کہنے سے ڈرتے ہیں کہیں اپنے لوگ مار نہ دیں، ایرانی قیادت کو یہ بھی خوف ہے معاہدہ نہ کیا تو امریکہ نہ مار دے،ایران کے تمام رہنما صدر بننے کے خواہش مند ہیں، ایک رہنما نے کہا میں سپریم لیڈر نہیں بننا چاہتا ایسے ہی ٹھیک ہوں۔

ٹرمپ نے کہا ایران میں جنگ مکمل کرنے کے قریب ہیں، بی ٹو بمبار طیاروں نے ایرانی جوہری تنصیبات، نیوی، فضائیہ سب کو تباہ کردیا،اوبامہ نے ایران کی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی خواہش کو ممکن بنایا لیکن خواہش ناکام ہوگی،میں نے 8 جنگیں رکوائیں اور ایک جنگ جیت بھی رہا ہوں، فیک نیوز کو دیکھیں تو لگتا ہے جیسے جنگ ہا ر رہے ہیں، میرے خلاف 94 فیصد جعلی خبریں چلائی گئیں پھر بھی الیکشن جیت گیا۔

دوسری جانب ایرانی امور کے ماہرسید مروندی نے ٹرمپ کے بیان کو ری ٹوئٹ کیا اور خبر کو جعلی قرا ردیتے ہوئے کہاامریکی صدر تاثر دے رہے ہیں مذاکرات جاری اور ایران بے بس ہے حالانکہ حقیقت برعکس ہے،ایران کسی قسم کے مذاکرات کےلئے تیار نہیں اگر ٹرمپ انتظامیہ نے حملہ کیا تو عالمی معیشت کو فوری و سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ادھر امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے کہا ٹرمپ ایران سے تنازع 4 سے 6 ہفتوں میں نمٹانے کے خواہشمند ،قریبی مشیروں نے بتایا صدر ایران کےساتھ جنگ طویل نہیں کرنا چاہتے،سمجھتے ہیں جنگ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ،وائٹ ہاوس نے چینی صدر سے مئی میں بیجنگ سمٹ اس بنیاد پر رکھی جنگ پہلے ختم ہوجائے گی، ٹرمپ کی توجہ کبھی کبھی دیگر سیاسی امور جیسے وسط مدتی انتخابات اور امیگریشن اقدامات کی طرف منتقل ہوجاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صدر نے ساتھی کو بتایا جنگ دیگر ترجیحات سے توجہ ہٹا رہی ہے، ٹرمپ اگلے بڑے چیلنج کی طرف بڑھنے کےلئے بے تاب دکھائی دیتے ہیں، بعض اتحادیوں کو امید ہے ٹرمپ کیوبا کی کمیونسٹ حکومت کے خاتمے پر توجہ دیں گے۔

اخبار نے کہا امریکہ مزید مذاکرات کےلئے تیار مگر ساتھ ہی مشرق وسطیٰ میں اضافی فوج بھیج رہا ہے، ٹرمپ نے ایرانی تیل تک امریکی رسائی ممکنہ شرط کے طور پر سوچا ہے، ایرانی تیل تک رسائی کی شرط پر فی الحال کوئی عملی منصوبہ بندی نہیں، ٹرمپ کے پاس جنگ ختم کرنے کے آسان راستے نہیں اور امن مذاکرات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں لہٰذا اندازہ لگانا مشکل ہے ٹرمپ جنگ کے بارے میں کیا فیصلہ کریں گے لیکن ٹرمپ پس پردہ کبھی سفارتکاری کی طرف جاتے اورکبھی حملے بڑھانے کی طرف، معاہدے یا واضح فوجی فتح کے بغیر ٹرمپ کو آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش کا مسئلہ درپیش رہے گا۔

علاوہ ازیں واشنگٹن پوسٹ امریکہ کی جنگ ختم کرنے کےلئے تجاویز سامنے لے آیا ،ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر سخت پابندیاںبھی شرائط میں شامل ہیں،تجویز ہے اگرایران تمام افزودہ یورینیم ہٹادے اور مطالبات مان لے تو پابندیوں میں بڑی نرمی دی جاسکتی ہے۔

شرائط میں کہا گیاایران حزب اللہ، حوثیوں ،حماس سمیت تمام مسلح گروپوں کی حمایت بند کرے، امریکی اہلکاروں کے مطابق تجاویزحساس ہیں، تفصیلات باضابطہ ظاہرنہیں کی جارہیں،امریکی اخبار کے مطابق وائٹ ہاوس نے ایرانی میڈیارپورٹ کوغلط قراردیا جس میں کہا گیا ایران نے منصوبہ مسترد کردیا، بات چیت جاری ہے اور ابھی کسی نتیجے کا اعلان قبل ازوقت ہوگا،پاکستان کی امریکہ، ایران بالواسطہ مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش حقیقت کے قریب ، ایران نے تسلیم کیا اپنے پڑوسیوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی تجاویز میں ایرانی جوہری و میزائل پروگرام کو روکنا، آبنائے ہرمز کو کھولنا، مسلح گروپوں کی ایرانی حمایت پر پابندی، انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی طرف سے ایران کی نگرانی، ایران ،امریکہ کے درمیان سویلین جوہری تعاون اور ایران پر پابندیوں میں نرمی کے نکات شامل ہیں،علاوہ ازیں تہران نے 15 رکنی امریکی تجاویز کا باضابطہ جواب بھجوا دیا ،ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے ثالث کاروں کے ذریعے تجاویز کا جواب بھجوایا، ایران اب امریکہ کے ردعمل کا انتظار کر رہا ہے۔