ایرانی توانائی انفراسٹرکچر پر حملے،تہران کا جوابی وار،اسرائیلی صدر بال بال بچ گئے


تہران،تل ابیب،واشنگٹن،بیروت:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ٹرمپ اعلان کے برعکس ایرانی توانائی انفرا سٹرکچر پر حملے،تہران کابھرپور جوابی وار،اسرائیل ،امریکی اڈوں پر ملٹی وار ہیڈ میزائل داغ دئیے، اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ بال بال بچ گئے۔

ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق فضائیہ نے ایران کے مختلف علاقوں میں اہم اہداف کو نشانہ بنایا ، پاسداران انقلاب،وزارت انٹیلی جنس کے ہیڈکوارٹرز ہدف رہے،ایرانی ہتھیاروں کے ذخائر و فضائی دفاعی نظام کے مقامات پر بھی حملے کیے گئے۔

فارس نیوز ایجنسی نے کہا امریکہ اور اسرائیل نے وسطی اصفہان میں ایک ہی سڑک پر قائم گیس کی انتظامی عمارت و گیس پریشر کم کرنے والے سٹیشن پر حملہ کیا ،تنصیبات کے کچھ حصوں کےساتھ قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ، مغربی ایران میں خرمشہر پاور پلانٹ کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ادھر پاسداران انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 78ویں لہر کاآغاز کرتے ہوئے خطے میں امریکی اہداف و اسرائیل کو نشانہ بنایا ، ایلات، دیمونا ،شمالی تل ابیب سمیت مختلف اہداف پر ملٹی وارہیڈ میزائل اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے۔

ایرانی فوج نے کہا اب تک پاسداران انقلاب کی زیادہ تر جنگی یونٹس ،بسیج فورسز کو مکمل طور پر میدان میں نہیں اتارا گیا، ضرورت پڑنے پر شامل کیا جائے گا،تہران کی جانب آنے والے اسرائیلی ڈرون ہرمیس کو تباہ کر دیا گیااب تک دشمن کے تباہ کیے گئے ڈرونز کی تعداد 130 سے تجاوز کر چکی ،صدر ٹرمپ ٹیلیفون ،سوشل میڈیا سے اپنا سرہٹائیں اور اپنی آنکھوں کو آسمان، سٹاک مارکیٹ ، تیل کی قیمتوں پر مرکوز کریں ایران بڑا سرپرائز دینے والا ہے،بہت بڑے نتائج سامنے آئیں گے۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان نے ڈونلڈ ٹرمپ کا جملہ طنزا ًدہرایا ٹرمپ یو آر فائرڈ، تھینک یو فاراٹینشن ٹو 10س میٹر،اسرائیلی میڈیا کے مطابق صدر اسحاق ہرزوگ ایرانی میزائیل حملے میں بال بال بچ گئے،صدرشمونہ کریات میں پریس کانفرنس کررہے تھے،پہاڑی پر میزائل آ گرا،تل ابیب پر میزائل حملے میں خاتون ہلاک ،متعدد زخمی ہو گئے، متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا،اسرائیلی حکام نے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران سے معاہدہ کرنے کےلئے پرعزم نظر آرہے ہیں تاہم امکان کم ہے ایران امریکی مطالبات کو قبول کرے گا۔

دریں اثنا لبنان نے ایرانی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دےکر ملک چھوڑنے کا حکم دےدیا، خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی سفیر کو لبنان چھوڑنے کیلئے اتوار تک کی مہلت دی گئی ۔

علاوہ ازیں برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے دعویٰ کیاایران نے جنگ بندی کیلئے دوبارہ حملے نہ کرنے کی ضمانت دینے سمیت متعدد شرائط رکھ دیں،رائٹرز کے مطابق شرائط میںایران میزائل پروگرام کو محدود کرنے سے انکاری ہے،آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کی اجازت ،جنگ کے دوران ہونیوالے نقصانات کا معاوضہ فراہمی،خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو بند ،ایران مخالف میڈیا آپریٹیوز کیخلاف قانونی کارروائی اور ملک بدر کرنا شامل ہے۔

سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے جنگ بندی کی شرائط بتاتے ہوئے کہا امریکہ ،اتحادیوں کو تباہی کا حساب ،ایران کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی ضمانت دینا ہوگی،توانائی تنصیبات پر حملہ ہوا تو امریکہ خطرے میں پڑسکتا ہے۔

العربیہ ٹی وی نے دعویٰ کیا سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مذاکرات کی حمایت کردی ،قبل ازیں ٹرمپ کی جانب سے اعلان کے بعد ایرانی حکام نے کسی قسم کے مذاکرات سے انکار کردیا تھا۔

دوسری جانب تر جمان وائٹ ہاﺅس کیرولین لیوٹ نے کہا ایران کےساتھ مذاکرات کی صورتحال غیر یقینی و غیر واضح ،حساس سفارتی بات چیت ہے اور امریکہ میڈیا کے ذریعے مذاکرات نہیں کرے گا، ملاقات کی خبروں کو حتمی نہ سمجھا جائے جب تک وائٹ ہاوس باضابطہ اعلان نہ کرے، صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے،امریکہ ،ایران کے اعلیٰ رہنماوں کے درمیان کسی باضابطہ ملاقات کا اعلان نہیں کیا گیا