طالبان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں بات چیت کیلئے تیار ہیں،بلال اظہر کیانی
لاہور:( وقائع گار)وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا ہے طالبان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں بات چیت کیلئے تیار ہیں،افغانستان میں 20سے زائد دہشتگرد تنظیمیں پاکستان کےساتھ پوری دنیا کےلئے خطرہ ہیں، سرحد پار سے دہشتگردی روکنے کی کوشش کی گئی لیکن کابل سنجیدہ نہیں،حکومت طالبان سے ہر ممکن حد تک ڈپلومیسی سے معاملات طے کرنے کی کوشش کرتی رہی، پاکستان کا موقف تھا افغان زمین دہشتگردوں کےلئے استعمال نہیں ہو گی، اعلیٰ سطح وفود افغانستان جاتے رہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کالعدم ٹی ٹی پی ، بی ایل اے سرحد پار سے سہولت کاری لیتے رہے،خیبر پختونخوا،بلوچستان میں سرحد پار دہشتگردی سے جوان شہید ہو رہے ہیں، ہر ریاست کو حق ہے اپنے تحفظ کےلئے ہر ممکن اقدام کرے، پاکستان اب سخت اقدامات کر رہا ہے،مستقبل میں بھی نتیجہ خیز بات چیت کےلئے تیار ہیں تاہم افغانستان کو دہشتگردی کے خاتمے کےلئے مثبت دیرپا اقدام کرنا ہوں گے۔
وزیر مملکت نے کہاخدشہ ہے انسانی بنیادوں پر دی جا نےوالی امداد طالبان رجیم کی مضبوطی پر خرچ ہو رہی ہے،امن چاہتے ہیں، مختلف آپریشنز میں مارے جانے والے متعدد افغانی دہشتگرد تھے،افغان شہریوں کو مرحلہ وار واپس بھیج رہے ہیں، کوئی ملک بھی بغیر دستاویزات یا رجسٹریشن کے دوسرے ملک کے شہریوں کو نہیں رکھ سکتا۔



















