امارات غزہ امن بورڈ میں شامل ہونیوالا پہلا مسلم ملک بن گیا


واشنگٹن،ابوظہبی(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)امارات غزہ امن بورڈ میں شامل ہونیوالا پہلا مسلم ملک بن گیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق یو اے ای بورڈ آف پیس کے مشن میں موثر کردار ادا کرنے کیساتھ عالمی سطح پر تعاون، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کےلئے امریکہ کےساتھ مل کر کام کرے گا۔

وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے کہا بورڈ آف پیس میں شمولیت کا فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ کےلئے پیش کردہ 20 نکاتی امن منصوبے کے مکمل نفاذ کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔

ادھر مراکش کے بادشاہ نے ٹرمپ کی غزہ امن بورڈ میں بانی رکنیت کی دعوت قبول کرلی،مراکشی وزارت خارجہ کے مطابق بادشاہ نے بورڈ میں بطور بانی رکن شامل ہونے پر رضامندی ظاہر کردی،مقصد مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔

دریں اثنا امریکہ نے پیوٹن،بیلاروس کو بھی غزہ امن کونسل میں شمولیت کی دعوت دےدی ،روسی صدارتی محل کریملن نے کہاحقیقت میں صدر پیوٹن کو سفارتی ذرائع کے ذریعے امن کونسل میں شمولیت کی پیشکش ملی،تمام تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں،امید ہے باریک نکات کی وضاحت کےلئے امریکی فریق سے رابطہ ہو سکے گا،بیلاروس کی وزارت خارجہ نے بھی دعوت ملنے کی تصدیق کردی۔