طالبان کادعویٰ جھوٹ ثابت، افغانستان دہشتگردوں کی محفوظ آماجگاہ ہے:اقوام متحدہ


نیویارک:(بیورورپورٹ)طالبان کا دعویٰ جھوٹا ثابت،اقوام متحدہ نے افغان سرزمین پر دہشتگردوں کی موجودگی بے نقاب کردی۔

سلامتی کونسل کی تجزیاتی معاونت و پابندیاں مانیٹرنگ ٹیم کی16 ویں رپورٹ میںطالبان کے موقف کو ”ناقابل اعتبار“ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا گیا ہمسایہ ممالک تیزی سے افغانستان کو علاقائی عدم استحکام کا سبب سمجھ رہے ہیں، دہشتگرد گروہوں کا کابل کی سرزمین کو سرحد پار حملوں کےلئے استعمال نہ کرنے کا افغان طالبان کا دعویٰ حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔

رپورٹ میں کہا گیا کالعدم داعش خراسان، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، القاعدہ، ترکستان اسلامک پارٹی و دیگر دہشتگردگروہ افغانستان میں موجود ہیں اور بعض گروہوں نے افغان سرزمین کو بیرونی حملوں کی منصوبہ بندی کےلئے استعمال کیا ،القاعدہ طالبان کےساتھ قریبی روابط رکھتی اور کئی افغان صوبوں میں موجودگی برقرار ہے،کالعدم (ٹی ٹی پی) کو افغان طالبان سے کافی لاجسٹک و آپریشنل مدد ملتی ہے۔

سلامتی کونسل مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ میں کہا گیا طالبان نے دہشتگرد گروہوں کوایک حد کےلئے اجازت دینے والا ماحول برقرار رکھا ہے جو دوسرے رکن ممالک کےلئے سنگین خطرہ ہیں،سب سے بڑا علاقائی خطرہ کالعدم ٹی ٹی پی افغان پناہ گاہوں سے کارروائیاں کر رہی ہے،ٹی ٹی پی نے 2025 کے دوران پاکستان میں 600 سے زائد حملے کیے ، کئی پیچیدہ نوعیت اور زیادہ تر خودکش حملہ آور افغان شہری تھے،حملوں کے نتیجے میں سرحد پار فوجی تصادم سے متعدد ہلاکتیں ،دو طرفہ تجارت میں خلل پڑا ،جانی نقصان کے علاوہ پاکستان کےساتھ سرحدی گزرگاہوں کی بندش سے افغان معیشت کو روزانہ تقریباً ایک کروڑ ڈالر نقصان پہنچا، کالعدم ٹی ٹی پی نے اپنے ہدف کو بڑھا دیا ۔

رپورٹ کے مطابق طالبان نے 2020 کے دوحہ معاہدے کے تحت عہد کیا تھا افغانستان کو دوسرے ممالک کےخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے،طالبان حکام ٹی ٹی پی کو روکنے میں ناکامی کی ذمہ داری سے انکار و انحراف کرتے رہتے ، طالبان کے اندر ٹی ٹی پی کےساتھ ہمدردی و وفاداری کے مختلف درجات ہیں، تاریخی تعلقات کے پیش نظر طالبان کا ٹی ٹی پی کےخلاف محاذ آرائی یا کارروائی کا امکان نہیں،اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر حکام و پاکستان کی طرف سے انسداد دہشتگردی کارروائیوں کے نتیجے میں داعش خراسان کی صلاحیت کم ہو گئی ۔