آئین کی خلاف ورزی کرنےوالے حکمرانوں کا چالان کون کرےگا؟نعیم الرحمن
لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آئین و جمہوریت کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرنےوالے حکمرانوں کا چالان کون کرےگا؟ فارم 47سے مسلط ہونے اور مسلط کرنے والوں کو کون پوچھے گا؟، جماعت اسلامی متناسب نمائندگی کے تحت شفاف انتخابات چاہتی ہے،سیاست کو وڈیرہ شاہی، جاگیرداروں کے چنگل سے نجات ،عوام کو سرمایہ کی طاقت سے یرغمال بنانےوالوں سے آزاد کرانے کےلئے متناسب نمائندگی کے تحت الیکشن ہی بہترین جمہوری عمل ،تھانہ کچہری کا موجودہ نظام چند طاقتوروں کےلئے ہے، عوام کو انصاف نہیں مل رہا، پولیس اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماع عام کے دوران خدمات سرانجام دینے والے ذمہ داروں و کارکنوں کے اعزاز میں اقبال پارک، مینار پاکستان میں ہونےوالے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،حافظ نعیم الرحمن نے 21دسمبر کو بااختیار بلدیاتی نظام کے حق میں پورے ملک میں دھرنوں کا اعلان اور آئی پی پیز معاہدوں کےخلاف احتجاجی تحریک کو ازسر نو منظم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاحکومت تحریک کے آغاز سے قبل ہی آئی پی پیز سے معاملات ٹھیک کرلے تو بہتر ہے،امیر جماعت اسلامی نے کہااجتماع عام سے فرسودہ نظام کےخلاف ملک گیر جدوجہد کا آغاز ہوگیا، جماعت اسلامی ایک برس میں 50ہزار عوامی کمیٹیاں ،50لاکھ ممبرز بنائے گی، احتجاج کےساتھ بہتری کے اقدامات بھی جاری رہیں گے، زی کنیکٹ نوجوانوں کےلئے انقلابی اقدام،جامع پروگرام کے تحت نئی نسل کو آئی ٹی ، مختلف ہنر سیکھنے کی تربیت فراہم کررہے ہیں، نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار کے آغاز کےلئے بلاسود قرض دیں گے،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کسی بھی جمہوری نظام میں بلدیات کا نظام سب سے زیادہ موثر ہوتا ہے تاہم پاکستان میں حکمران پارٹیوں نے کبھی توجہ نہیں دی، نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیاں خاندانوں ،شخصیات کے تسلط میں ہیں،سیاسی کارکنوں کی کوئی اوقات نہیں، خاندانوں پر چلنے والی پارٹیاں عوام کو بھی کوئی اختیار دینے کو تیار نہیں، پنجاب کا بلدیاتی کالا قانون مثال ہے،صوبائی حکومتیں غلط کاموں میں ایک دوسرے کی نقل کرتی ہیں، جماعت اسلامی عوام اور خصوصی طور پر نوجوانوں کی طاقت سے ملک کو فرسودہ نظام ،سرپرستوں سے چھٹکارا دلائے گی۔



















