ہرجانہ کیس، عمران کے شہباز پر الزامات گمراہ کن پروپیگنڈا ہے،ملک احمد خان
لاہور:(کورٹ رپورٹر)عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس میں شہبازشریف کے گواہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بیان قلمبند کرا دیا۔
سیشن کورٹ لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے سماعت کی،ملک احمد خان نے کہا بانی پی ٹی آئی نے رشوت لینے کے سنگین جھوٹے الزامات عائد کیے،مختلف چینلز پر چلے، میری شہباز شریف کےساتھ جماعتی وابستگی ہے،شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ ،وزیراعظم عوامی خدمت کی، میرے نزدیک الزامات کے ذریعے گمراہ کن پروپیگنڈا کیا گیا،جھوٹ بول کر کسی کےخلاف قصہ بیان کرنا مذہبی اعتبار سے بھی درست نہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل احمد حسین چوٹیاں نے ملک احمد خان کے بیان پر جرح کرتے ہوئے سوال کیا کیا جن پروگرامز کا ذکر آپ نے کیا تمام پنجاب سے آن ایئر نہیں ہوئے؟سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا تمام قومی پروگرام قومی نشریاتی اداروں پر آتے ہیں، درست ہے تمام پروگرامز پنجاب سے آن ایئر نہیں ہوئے تھے،وکیل نے سوال کیا کیا آپ کو پتہ ہے پانامہ کیس کیا تھا؟ ،سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا پانامہ پیپرز کا کیس ان افراد کی فہرست کے بارے میں تھا جن کی بیرون ملک انویسٹمنٹ تھی،وکیل نے سوال کیا کیا درست ہے بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں پانامہ پیپرز پر کوئی درخواست دائر کی تھی؟ ،ملک احمد خان نے کہا میرے علم میں ایسی کوئی چیز نہیں۔
وکیل نے پھر سوال کیا کیا آپ کو علم ہے بانی پی ٹی آئی کی درخواست نوازشریف وغیرہ کےخلاف تھی؟ ،سپیکر پنجاب اسمبلی نے جواب دیا مجھے تفصیلی طور پر علم نہیں ،بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے گواہ سے سوال کیا کیا آپ کو پتہ ہے نواز شریف کو پانامہ پیپرز میں سزا ہوئی تھی؟ ملک احمد خان نے کہا جی بات درست ہے،وکیل نے سوال کیاکیا درست ہے محض اس مقدمے کی وجہ سے مدعی نے جھوٹا دعویٰ دائر کیا؟ ،ملک احمد خان نے کہا یہ غلط ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے سپیکر پنجاب اسمبلی کےخلاف بیان پر جرح مکمل کر لی،عدالت نے شہباز شریف کے مزید گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی۔



















