عمران خان صحت مند،عوام کو ریلیف دینے میں آئی ایم ایف رکاوٹ ہے،رانا ثنا
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہاہے عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں لیکن آئی ایم ایف شرائط کی وجہ سے نہیں دے پا رہے،ہری پور کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر خوشی بھی ہوئی اور حیرانی بھی،وزیراعلیٰ کے پی انتخابی مہم کے دوران دھمکیاں دیتے رہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا بانی پی ٹی آئی پراجیکٹ کے بعد ملک میں تباہی آئی،آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل ہو گا تو عوام کو ریلیف دے سکیں گے، جھوٹے مقدمات، گالم گلوچ، نفرت جیسے معاملات کا نتیجہ بہتر نہیں نکلتا،ترجیح ہے ملک آگے بڑھے،لوگوں کا حساب بعد میں بھی ہوسکتا ہے۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہاعمران دورکی تباہی کے ذمہ دار خود انجام کو پہنچیں گے، ترجیحات ملک سنبھالنا ہے،ملکی تباہی کے ذمہ دار بانی پی ٹی آئی اور اقتدار میں لانے والے لوگ ہیں،بہت کوششوں کے باوجود 4 سالہ تباہی ختم نہیں ہورہی، ساری تباہی کی ذمہ دار تب کی اسٹیبلشمنٹ ہے۔
مشیر وزیراعظم نے کہا فیض حمید کا ٹرائل چل رہا ہے، سارے چہرے خود ہی انجام کو پہنچیں گے،کوشش ہے ملک کو ترقی ،عام آدمی کو آسانی دی جائے،معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پوری دنیا میں پاکستان کی عزت ہے، معیشت بہتر ہورہی لیکن ہوئی نہیں ،آئی ایم ایف کی کرپشن رپورٹ کی کوئی اہمیت نہیں، موجودہ یا پچھلی پی ڈی ایم حکومت میں کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا، کسی کے پاس ثبوت ہو تو سامنے لائے،بھارت اپنا آپریشن سندور افغانستان کے ذریعے چلارہا ہے، بھارت اب براہ راست پاکستان پر یلغار کی جرات نہیں کرسکتا،افغانستان کو فنڈنگ کر کے گمراہ کر رہا ہے، کابل کے اوپر کوئی جنگ مسلط نہیں کرنا چاہتے۔
رانا ثنا نے کہا اپوزیشن لیڈرکی تعیناتی حکومت نہیں ،سپیکرنے کرنی ہے، موجودہ حکومت اتحادیوں کےساتھ مل کرمدت پوری کرے گی، پیپلزپارٹی کےساتھ تعلقات بہترہیں ،تحفظات دورکر رہے ہیں،بھارتی میڈیا بے بنیاد خبریں چلا رہا ہے،عمران خان بالکل صحت مند ، ایکسرسائز بھی کر رہے ،مکمل سہولیات دی جا رہی ہیں، اعتراض نہیں۔
مشیر وزیراعظم نے کہا جیل میں بیٹھ کر اگر کوئی قیدی اسلام آباد پر چڑھائی کے منصوبے بنائے تو ملاقاتیں کیسے کرائیں،2،3مثالیں پہلے بھی موجود ہیں، اسلام آباد پر دھاوا بولا گیا، کون سا قانون اجازت دیتا ہے جیل میں بیٹھ کر ملک کےخلاف تحریک چلائی جائے، بانی پی ٹی آئی کو کسی اور جیل میں منتقل کرنے کی کوئی تجویز نہیں۔



















