ججز کے استعفے سیاسی ،ملک کیلئے مزید ترامیم کرنا پڑیں تو کرینگے،طلال چودھری


فیصل آباد: (بیورورپورٹ) وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے ججز کے استعفے سیاسی ہیں، پارلیمنٹ کومیونسپل کارپوریشن بنا دیا گیاتھا،ملک کیلئے مزید ترامیم کرنا پڑیں تو کرینگے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہاملک کا آئین پارلیمنٹ اور عوام کی مرضی کا ہوگا،سوموٹو پر وزیراعظم کو گھر بھیجاجاتا رہا،ججز کا جب دل کرتا حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرکے لاچار کر دیتے تھے جس کو دل چاہے ہٹا دیں اور جس کو دل چاہے لے آئیں یہ آپ کا کام نہیں ،سیاسی انتقام روکنے کیلئے 27ویں ترمیم میں مثالی فیصلہ کیا، ملکی استحکام کیلئے مزید ترامیم کرنا پڑی تو کریں گے، الیکشن کابائیکاٹ کرنےوالے سیاسی مقابلہ کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔

وزیر مملکت نے کہا آئینی ترامیم پارلیمنٹ کا اختیار و حق ہے،عدلیہ کے نظام میں بہتری آئے گی،ججز آئین کے تحت ڈیوٹی سر انجام دینے کے پابند ہیں،تاحیات استثنیٰ میں ایسی کوئی بات نہیں، صدر کو 62،63کے تحت پرکھ کر ہی لایا جاتا ہے، سیاسی انتقام کو روکنے کیلئے استثنیٰ علامتی چیز ہے، صدر ایک صدارت کے بعد پبلک آفس ہولڈ کرتے ہیں تو استثنیٰ ختم ہو جائے گا،جڑانوالہ میں ہونے والے الیکشن میں 10 سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں، کوئی کاغذات نامکمل جمع کرائے تو الیکشن کمیشن کیا کرے۔

طلال چودھری نے کہا فیصل آباد میں ن لیگ کی جیت کوئی نئی بات نہیں ہوگی،گرین بسیں ہوں یا شہر کیلئے سیوریج کا منصوبہ، کارپٹ روڈ، ادویات کی فراہمی اور سی سی ڈی سب عوام کے منصوبے ہیں،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے کام سرانجام دیں تو عہدے پر رہیں گے، سہیل آفریدی کوئی اور راستہ اپنائیں گے تو وفاق کے پاس آئینی آپشن موجود ہے،پاکستان کسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔