وفاق مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کیلئے 27ویں ترمیم کرے،سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور: (پنجاب اسمبلی سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے مقامی حکومتوں کے نظام کو مستقل استحکام و آئینی حیثیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ،صوبائی اسمبلی نے آرٹیکل 140اے میں ترمیم کی قراردادکو اتفاق رائے سے منظور کیا،وفاق مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کیلئے 27ویں ترمیم کرے،مقصد اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور جمہوری عمل کو حقیقی معنوں میں مضبوط بنانا ہے، 25 کروڑ کی آبادی کا ملک محض 1500منتخب نمائندوں کے ذریعے نہیں چل سکتا، عوامی مسائل کے حل کیلئے ضلعی، تحصیل و یونین کونسل کی سطح پر بااختیار ادارے ضروری ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا دنیا بھر میں بلدیاتی نظام آئینی تحفظ کے تحت چلتے ہیں مگر پاکستان میں ہر نئی حکومت بلدیاتی ڈھانچے کو ازسرنو بدل کر جمہوری تسلسل کو متاثر کرتی رہی ہے،مقامی حکومتیں آئینی تحفظ کے بغیر رہیں تو ریاست ،عوام کے درمیان اعتماد کمزور ہوتا ہے،ریاستی معاہدے کی مضبوطی تب ہی ممکن ہے جب شہری جانیں مسئلہ دہلیز پر حل ہوگا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا سپریم کورٹ بھی مقامی حکومتوں کو جمہوریت کا بنیادی حصہ قرار دے چکی ،الیکشن کمیشن نے 2022 میں آرٹیکل 140اے میں ترمیم کی سفارش کردی،27ویں ترمیم کیلئے سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا، ضرورت پڑے تو آل پارٹیز کانفرنس بھی بلائی جائے،انسانی سمگلنگ کے مسئلے پر گہری تشویش ،نوجوانوں کا غیر قانونی راستوں سے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنا سنگین قومی المیہ ،تدارک کیلئے وفاقی سطح پر مو¿ثر پالیسی درکار ہے۔
دریں اثنا وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے وفد کے ہمراہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے ملاقات کی،پنجاب اسمبلی کی جانب سے وفاق کو بھجوائی جانے والی قرارداد پر تبادلہ خیال کیا گیا، خالد مقبول صدیقی نے قرار داد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا قرار داد جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کےلئے اہم سنگ میل ہے۔
سپیکر ملک احمد خان نے خالد مقبول صدیقی و دیگر کو پنجاب اسمبلی آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ضلعی حکومتوںکے استحکام کیلئے پنجاب اسمبلی کی منظور شدہ قردار پارلیمنٹ سے منظوری کی متقاضی ہے ایسے مضبوط بلدیاتی نظام کے حامی ہیں جس کے تحت لوگوں کے مسائل دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔
مزید برآں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے وزیر اعظم شہباز شریف کوفون کرکے مقامی حکومتوں کے استحکام کےلئے پنجاب اسمبلی کی منظور کی گئی قرارداد پر مبارکباد دی،خالد مقبول صدیقی نے کہاقرارداد جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کےلئے اہم سنگ میل ،پوری قوم پنجاب اسمبلی کی مشکور ہے، کمزور ،پسماندہ طبقات کو حقوق ملیں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین ایم کیو ایم کا شکریہ اداکرتے ہوئے نیک جذبات کا اظہار کیا۔



















