ٹرمپ کا ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
واشنگٹن،ماسکو،بیجنگ:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)امریکی صدر ٹرمپ کا ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان ،فوج کو فوری جوہری ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ شروع کرنے کا حکم دےدیا۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے محکمہ جنگ کو ہدایت کی نیوکلیئر ہتھیاروں کی جانچ کا عمل فوراً شروع کیا جائے تاکہ امریکہ اپنے حریف ممالک کے برابر کھڑا ہو سکے،دنیا میں امریکہ کے پاس سب سے زیادہ ایٹمی ہتھیار موجود ہیں، روس دوسرے نمبر پر ہے،چین آئندہ 5برسوں میں امریکہ کے برابر آ سکتا ہے۔
امریکی صدر نے امریکہ کسی بھی ملک سے پیچھے نہیں رہ سکتا ،قومی سلامتی کےلئے نیوکلیئر ٹیسٹنگ ناگزیر ہو چکی ،دیگر ممالک ایٹمی تجربات کر رہے ہیں، امریکہ کےلئے بھی ضروری ہے دفاعی تیاریوں کو جدید بنائے۔
دوسری جانب روسی صدارتی دفتر کریملن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنے کے اعلان پر محتاط ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا امریکہ نے جوہری پابندی توڑی تو روس بھی جواب دےگا،روس نے اب تک کوئی جوہری تجربہ نہیں کیا تاہم اگر امریکہ نے پالیسی بدلی تو ماسکو بھی جواباً قدم اٹھانے پر مجبور ہوگا،صدر ٹرمپ کے بیان سے قبل روس کو واشنگٹن کی جانب سے کسی نئی حکمت عملی یا موقف کی اطلاع نہیں ملی۔
ترجمان نے واضح کیا روس کے حالیہ بورویستنک کروز میزائل اور پوسائیڈن جوہری ٹارپیڈو کے تجربات جوہری ہتھیاروں کے نہیں تھے،روس ہمیشہ جوہری تجربات پر عائد پابندی کا احترام کرتا آیا لیکن اگر کوئی ملک معاہدے سے ہٹتا ہے تو روس بھی ردعمل دےگا۔
دریں اثنا ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہاامریکہ عالمی سٹریٹجک توازن و استحکام برقرار رکھے،جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے کی پاسداری کرے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ سال چین کا دورہ کریں گے۔



















