خیبرپختونخوا اسمبلی: شبلی فراز کی سینیٹ نشست پر پولنگ جاری

پشاور (مشرق نیوز) آج خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہونے والے سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں جنرل نشست کیلئے 3 امیدوار میدان میں ہیں۔ یہ نشست تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کو 9 مئی 2023 کے فسادات سے متعلق مقدمات میں سزا سنائے جانے کے بعد نااہل قرار دینے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

اگرچہ انتخاب میں 3 امیدوار حصہ لے رہے ہیں تاہم اصل مقابلہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار خرم ذیشان اور اپوزیشن کے حمایت یافتہ تاج محمد آفریدی کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔ پی ٹی آئی کے ایک اور امیدوار عرفان سلیم جو انتخابی فہرست میں شامل ہیں، خرم ذیشان کے کورنگ امیدوار کے طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ ووٹنگ صبح 9 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔

صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل پولنگ کیلئے ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ کل 145 خیبر پختونخوا کے ارکان اسمبلی سینیٹ کی اس نشست کیلئے ووٹ دینے کے اہل ہیں جبکہ کامیابی کیلئے کم از کم 75 ووٹ درکار ہوں گے۔ دو امیدوار، آزاد عابد خان یوسفزئی اور پیپلز پارٹی کے نثار خان الیکشن لڑنے سے دستبردار ہوگئے ہیں۔