رضوی برادران کو جلد گرفتار کیا جائےگا،عظمیٰ بخاری

لاہور: (سٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ہڑتال کے نام پر زبردستی کاروبار،ٹرانسپورٹ بند کرانا ناقابل قبول ، انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے رضوی برادران کو جلد گرفتار کیا جائےگا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاصوبے کے امن کےلئے ہر اقدام اٹھائیں گے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے ،ہتھیار بندجتھوں کو ریاستی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے،28 اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کردئیے اب کوئی نیا اسلحہ لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا،غزہ ،فلسطین کی آزادی کےلئے نکلنے والوں نے املاک کو جلایا،رضوی برادران کی گرفتاری انسانی جانوں کے تحفظ پر کرنی ہے، دونوں بھائیوں کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا مذہبی جماعت نے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا ،گاڑیاں چھینیں ، شہری املاک کو نقصان پہنچایا ،چندے کی تمام چیزیں مذہبی جماعت کے گھر پہنچتی تھیں، سعد رضوی ،جماعت کے ذمہ دار پرتشدد کارروائیوں میں ملوث رہے، والدین بچوں کو ٹی ایل پی کی سرگرمیوں سے بچائیں ورنہ دہشتگردی کے مقدمے ہوں گے،کسی نے مارکیٹ بند کرانے یا ٹرانسپورٹ روکنے کی کوشش کی تو ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کالعدم جماعت کے اکاونٹ فریز ہیں،فنانسر کی لسٹ بنا لی،پنجاب بھر میں انتہاپسند جتھوں کی تشہیر پر مکمل پابندی لگا دی ،پوسٹرز ،وال چاکنگ کوہٹایا جا رہا ہے، کسی مسجد کو بند نہیں کیا گیا ،زبردستی یا اشتعال انگیزی پر قانون حرکت میں آئے گا،وزیراعلیٰ مریم نواز نے 2روز قبل موبائل پولیس سٹیشنز کا آغاز کیا ،مرحلہ وار پنجاب کے تمام اضلاع میں بھیجا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو فوری انصاف کی سہولت میسر آ سکے، وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں امن کمیٹیوں کو فعال کرنے کا حکم بھی دےدیا تاکہ مقامی سطح پر امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔

وزیراطلاعات نے کہامختلف اضلاع میں غیر قانونی افغان باشندوں کےخلاف کومبنگ آپریشنز جاری ہیں،خصوصی مراکز میںغیر قانونی مقیم افراد کو باعزت طریقے سے منتقل کیا جائےگا،غیر قانونی غیر ملکی باشندے اکثر کاروبار کرتے ہیں مگر ٹیکس ادا نہیں کرتے، معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں،ریاست سے ٹکرانے والے عناصر کو سمجھ لینا چاہیے قانون و آئین سب سے بالاتر ہے، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنےوالوں کےخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائےگی، حکومت عوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے ،کسی کو بھی شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔