عسکری و سفارتی حکمت عملی سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا:سی این این

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان کی عسکری و سفارتی حکمت عملی نے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کر دیا، سی این این نے بھی اعتراف کرلیا،پاکستان کی مثبت حکومتی اور عسکری سفارتکاری نے خطے میں پاکستان کی اہمیت مزید بڑھا دی،پہل گام فالس فلیگ کی آڑ میں بھارت کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش ناکام ہوئی،عالمی نشریاتی ادارے سی این این نے بھی پاک امریکہ قریبی اور سٹرٹیجک تعلقات کا اعتراف کر لیا جس کی جاری تجزیاتی رپورٹ میں تجزیہ کار نے کہا امریکی صدر ٹرمپ نے امریکہ اور بھارت کے مابین پالیسی کا رخ اچانک بدل دیا، پہلے دور حکومت میں بھارتی وزیراعظم کے قریب سمجھنے والے ٹرمپ اب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے گرویدہ ہیں، مصر کانفرنس میں ٹرمپ نے انہیں اپنا” پسندیدہ فیلڈ مارشل“ قرار دیا، امریکہ اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون بھی بڑھ رہا ہے، جولائی میں امریکہ اور پاکستان نے ٹیرف معاہدہ کیا اور پاکستانی تیل کے ذخائر پر مشترکہ تعاون کا اعلان کیا، امریکہ نے محسوس کیا پاکستان موثر عسکری شراکت دار ہے،عالمی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسی عسکری صلاحیت نے سعودی عرب کو بھی متاثر کیا جس نے حال ہی میں پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیا،پاکستان کی سفارتی اور عسکری کامیابی نے پاکستان کی عالمی شناخت مستحکم کردی ۔