ٹرمپ کا خواب چکنا چور، امن کا نوبل انعام وینزویلا کی ماریہ کورینا کے نام
اوسلو ،واشنگٹن:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ) ٹرمپ کا خواب چکنا چور،امن کا نوبل انعام وینزویلا کی ماریہ کورینا مچاڈو کو مل گیا۔
سویڈن کی رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنس کے سربراہ جورجین واٹن فریڈنس نے اعلان کرتے ہوئے کہا امن کا نوبل انعام وینزویلا کی جمہوریت نواز رہنما ماریہ کورینا مچاڈو کو دیا جاتا ہے،ماریہ کورینا مچاڈو 2011 سے 2014 تک رکن پارلیمنٹ رہیں، آمریت سے جمہوریت کی منصفانہ پرامن منتقلی کی جدوجہد پر انعام دیا گیا۔
واضح رہے امن کا نوبل انعام اس شخص کو دیا جاتا ہے جس نے ملکوں کے درمیان رفاقت بڑھانے، مستقل فوجیں ختم یا کم اور امن کے قیام و فروغ کےلئے سب سے زیادہ یا بہترین کام کیا ہو،نوبل انعام سوئیڈن کی کاروباری شخصیت الفریڈ نوبیل کی یاد میں دیا جاتا ہے۔
ماریا کورینا ماچاڈو نے اپنے بیان میں کہا ایوارڈ وینزویلا کے شہریوں کی جدوجہد کا بڑا اعتراف ہے،فتح کے قریب ہیں، وینزویلا کی آزادی و جمہوریت کےلئے صدر ٹرمپ، امریکی عوام اور جمہوری قوتوں کی مدد درکار ہے،ایوارڈ وینزویلا کے مصیبت زدہ لوگوں ،صدر ٹرمپ کی مقصد کی فیصلہ کن حمایت کے نام کرتی ہوں۔
دوسری جانب ٹرمپ کو نوبل امن انعام نہ ملنے پر وائٹ ہاوس نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاسیاست کو امن پر ترجیح دی گئی۔
ڈائریکٹر کمیونی کیشن سٹیون چیونگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا صدر ٹرمپ دنیا بھر میں امن معاہدے کرتے رہے ، جنگوں کا خاتمہ کیا ،بے شمار جانیں بچائیں،نوبل کمیٹی نے ایک بار پھر ثابت کردیا امن کی بجائے سیاسی ایجنڈے کو فوقیت دیتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکوہ کرتے ہوئے کہا باراک اوباما کوکچھ نہ کرنے کے باوجود نوبل امن انعام ملا،میں نے 8جنگیں ختم کرائیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا انعامات کے حصول نہیں بلکہ اپنے مقاصد کیلئے کام کررہا ہوں، اوباما کو بالکل کچھ نہ کرنے کے باوجود مگر ملک کو تباہ کرنے کیلئے انعام دیا گیا۔



















