حماس نے ٹرمپ سے ضمانت مانگ لی،اسرائیل کافریڈم فلوٹیلا پر حملہ

شرم الشیخ ،غزہ،انقرہ:(مشرق نیوز)اسرائیل پر اعتبار نہیں، حماس نے ٹرمپ سے ضمانت مانگ لی۔

حماس کے رہنما خلیل الحیہ نے کہا ڈیل کیلئے تیار ہیں لیکن جنگ کے خاتمے کی ضمانت درکار ہے، یقینی بنانا ہوگاجنگ کو دہرایا نہیں جائے گا،اسرائیل پر ایک لمحے کےلئے بھی بھروسہ نہیں کر سکتے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سپانسر ممالک ضمانت دیں جنگ ہمیشہ کےلئے ختم ہو جائے گی۔

فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا معاہدے تک پہنچنے کےلئے درکار مثبت رویہ دکھا رہے ہیں، طے شدہ تعداد کے مطابق اسرائیل کےساتھ یرغمالیوں اور قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کر دیا ۔

سینئر رہنما فوزی برہوم نے کہاکسی بھی معاہدے میں جنگ کے مکمل خاتمے اور اسرائیلی فوج کے غزہ سے مکمل انخلا کی ضمانت شامل ہونی چاہیے،اسرائیل کو غزہ میں جعلی فتح حاصل نہیں کرنے دیں گے، ٹرمپ منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کےلئے امداد لے جانے والے فریڈم فلوٹیلا پر حملہ کر کے 3 جہازوں پر قبضہ کر لیا،سوشل میڈیا سائٹ ایکس پوسٹ میں فلوٹیلا منتظمین نے لکھا غزہ سے تقریباً 120 ناٹیکل میل کے فاصلے پر اسرائیل نے بحری قافلے پر حملہ کیا،لائیو نشریات بھی منقطع کردیں،اسرائیلی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا فریڈم فلوٹیلا کی تمام کشتیوں اور سوار مسافر محفوظ ہیں، جلد وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔

ادھرترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا امن کا سارا بوجھ صرف حماس یا فلسطینیوں پر ڈالنا ٹھیک نہیں ، ٹرمپ منصوبے کے باوجود اسرائیل امن کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے،اسرائیل کو امن کےلئے حملے بندکرنا ہوں گے، مصر میں غزہ جنگ بندی مذاکرات نہایت اہم ہیں، امید ہے جلد اچھی خبر ملے گی،غزہ کو فلسطین کا حصہ ہی رہنا چاہیے۔