چین کےساتھ تنازع کا خطرہ، دفاعی کمپنیاں میزائلوں کی پیداوار 4 گنا تک بڑھائیں:امریکہ

واشنگٹن (خواجہ فاروق) امریکہ نے دفاعی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے وہ میزائلوں اور دیگر اہم ہتھیاروں کی پیداوار کو 2 سے 4 گنا تک بڑھائیں تاکہ چین کےساتھ ممکنہ تنازع کی صورت میں اسلحے کی کمی سے بچا جاسکے،امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون امریکی ہتھیاروں کے کم ذخائر پر تشویش کا شکار ہے اور اسی لیے اپنے میزائل سپلائرز پر زور دے رہا ہے کہ وہ انتہائی تیز رفتار شیڈول کے تحت پیداوار میں اضافہ کریں۔ پنٹاگون کے اعلیٰ حکام اور امریکی میزائل ساز کمپنیوں کے نمائندوں کے درمیان کئی اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں ہو چکی ہیں، بتایا گیا ہے ڈپٹی ڈیفنس سیکرٹری اسٹیو فینبرگ براہ راست اس عمل کی نگرانی کر رہے ہیں ، ہفتہ وار بنیادوں پر کمپنیوں کے سربراہوںسے رابطے میں رہتے ہیں،جون میں پینٹاگون نے اہم میزائل ساز کمپنیوں کو اجلاس میں طلب کیا جس میں امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین نے بھی شرکت کی، اجلاس میں لاک ہیڈ مارٹن، ریتھیون، اینڈریل انڈسٹریز اور دیگر کمپنیوں کے نمائندے شریک ہوئے،اداروں نے کہا ہے وہ مزید ملازمین بھرتی کر رہے ہیں، فیکٹریوں کی توسیع کر رہے ہیں اور اضافی پرزہ جات کا ذخیرہ تیار کررہے ہیں تاکہ ممکنہ طلب کو پورا کیا جاسکے،اخبار کے مطابق جون میں ٹرمپ انتظامیہ نے مزید جارحانہ پیداواری اہداف مقرر کیے تھے، اس دوران اسرائیل اور ایران کے درمیان 12 روزہ جنگ میں امریکہ نے سینکڑوں جدید میزائل استعمال کیے جس سے امریکی ذخائر مزید کم ہوگئے،ذرائع کے مطابق پینٹاگون چین کے ساتھ ممکنہ جنگ کےلئے 12 ہتھیاروں کو ترجیح دے رہا ہے جن میں پیٹریاٹ انٹرسیپٹر میزائل، لانگ رینج اینٹی شپ میزائل، اسٹینڈرڈ میزائل 6، پریسیڑن اسٹرائیک میزائل اور جوائنٹ ایئر-سرفیس اسٹینڈ آف میزائل شامل ہیں،خاص طور پر پیٹریاٹ میزائل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے کیونکہ لاک ہیڈ مارٹن عالمی طلب کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے،دستاویزات کے مطابق پینٹاگون نے کمپنیوں سے کہا وہ 6، 18 اور 24 ماہ کے دوران پیداوار کو موجودہ سطح سے 2.5 گنا بڑھانے کا منصوبہ پیش کریں۔