لاہور:(سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے بی آئی ایس پی کا ڈیٹا لاہور کے سیاستدان صرف بغض بینظیر میں استعمال نہیں کرنا چاہتے،موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کے باعث معاشرے کا ہر ذی شعور فرد ذہنی دباو کا شکار ہے، اصل فیصلہ بیوروکریٹ یا جاتی امرا والے کرتے ہیں سیاسی لوگ نہیں،بابوں والا ماڈل اپنائیں گے تو کامیاب نہیں ہو گا،بی آئی ایس پی کا ساڑھے 3کروڑ کا ڈیٹا تحصیل لیول تک استعمال کریں،سیلاب زدہ علاقوں کے کاشتکاروں کی بحالی کےلئے حکومت بابوﺅں کی بجائے کسانوں کےساتھ مشاورت کرے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں فیصل میر،رانا جواد،نایاب جان،احسن رضوی کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،ڈاکٹر خالد جاوید جان،چودھری ریاض،ڈاکٹر ضرار یوسف،ذیشان شامی و دیگر بھی موجود تھے۔
ندیم افضل چن نے کہا آپ شہید بےنظیر کی فوٹو کی وجہ سے بضد ہیں،آپ کے ترجمان جو زبان استعمال کرتے ہیں وہ آپ جانیں یا پی ٹی آئی والے،آپ انگلیاں توڑیں یا کچھ اورمیری زبان کٹ تو سکتی ہے رک نہیں سکتی، پنجاب حکومت سیلاب زدہ کاشتکاروں کی بحالی کےلئے کوئی سنجیدہ اقدام کرتی دکھائی نہیں دے رہی، کسانوں کو فی الفور نئی فصل کی کاشت کےلئے فی ایکٹر ایک لاکھ کا ریلیف چاہیے، پنجاب میں حکمران سیاسی اتحادیوں سے تو درکنار اپنے اراکین اسمبلی سے بات چیت کرنے کو تیار نہیں، پیپلز پارٹی جمہوریت کے تسلسل اور پارلیمانی اداروں کی مضبوطی کےلئے کام کر رہی ہے، بہتر ہے ن لیگ انگلیاں توڑنے کی بجائے کسانوں کی مدد کرے۔
پی پی رہنما نے کہا نالائق حکمران آ جائیں تو ہر کوئی ذہنی تناﺅ کا شکار ہوتا ہے، پنجاب میںآواز اٹھانا جرم بن چکا ،حکمرانوں اور بابوﺅ ں کا ملک نہیں،حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے مگر یہاں پودا لگانا ہو یا ٹرانسپورٹ چلانی ہو تو وزیر اعلیٰ 3سیکرٹری لیکر بیٹھ جاتی ہیں۔
ند یم افضل چن نے کہا ایک سال میں لوکل باڈی الیکشن کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا،مقامی ادارے ہوتے تو سیلاب کے بعد موجودہ صورتحال نہ ہوتی،گندم صرف روٹی نہیں ،بینک گارنٹی اور کسان کی ضرورت ہے آپ نے آئی ایم ایف کا بہانہ بنایا،سعد رفیق بھی ٹوئٹ کر چکے ،شاہ خرچیاں کرنے کی بجائے کسان کو رقم دیتے تو اربوں کی گندم امپورٹ نہ کرنا پڑتی،بتایا جائے بیوروکریٹس کے تبادلوں کی کیا کہانی ہے؟،سیلاب پر ہی اے پی سی بلا لیتے،عوام کو اپنا گھر اور زمین چاہیے،گزارشات کو اپنی بے عزتی مت سمجھیں،آپ کو انگلیاں توڑنے کا شوق ہے تو سن لیں عوام بہت تنگ ہیں،بغض بےنظیر کا کوئی علاج نہیں۔
پی پی رہنما نے کہا سیاسی مشاورت چل رہی ہو تو میڈیا پر بات کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی،ایگزیکٹو کا حصہ نہیں مگر حکومت کا حصہ ہیں،کچھ شادیاں پسند اور کچھ مجبوری کی ہوتی ہیں، پیکا ایکٹ کے تحت چینی بحران کا بھی حساب لیں، کمزور آدمی ہوں، ڈرنے والا نہیں۔
فیصل میر نے کہا مریم نواز تو کہہ رہی ہیں کاشتکار کو 10 لاکھ روپے دئیے جائیں گے لیکن یہ تو بتا دیں بجٹ کتنا مختص کیا گیا ،کسان دیکھ رہے ہیں کب 10،10لاکھ ملیں گے۔
ن لیگ انگلیاں توڑنے کی بجائے کسانوں کی مدد کرے:پیپلز پارٹی



















