سندھ کے عوام بھی مریم نواز جیسی وزیراعلیٰ کے منتظر ہیں،عظمیٰ بخاری


لاہور:(اپنے رپورٹر سے )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے سندھ کے عوام بھی مریم نواز جیسی وزیراعلیٰ کے منتظر ہیں۔

پی پی رہنماوں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاآپ پنجاب میں رہ کر صوبے کا مقدمہ کب لڑیں گے؟ آپ چاہتے پنجاب میں لوگوں کو گندم، آٹا اور روٹی نہ ملے؟ ایک طرف آپ کہہ رہے گندم کا نقصان ہوا دوسری طرف کہہ رہے جو گندم ہے وہ بھی باہر بھیج دیں، ڈبویا ہے یا ڈوبا اس کو سیلابی سیاست ہی کہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا بار بار سندھ میں سیلاب آتا ہے تو آپ بار بار سندھ کو ڈبوتے ہیں؟ آپ سیاست کرنا نہیں چاہتے لیکن پوری پریس کانفرنس صرف و صرف سیاست اور کچھ بھی نہیں تھا، سوال ہے آپ نے اب تک سیلاب متاثرین کےلئے کیا کیا ؟ سوائے بیٹھ کر سیلابی سیاست کرنے کے؟ آئی ایم ایف کا بہانہ پنجاب پر لگا رہے ہیں، کیا سندھ میں گندم خریدی؟،سندھ میں گندم نہ خریدنے پر کون سے رولز اپلائی ہوں گے؟۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کوئی بی آئی ایس پی ختم نہیں کرنا چاہتا، سوال ہے سیلاب میں استعمال کیوں کرنا چاہتے ہیں؟ بی آئی ایس پی کا اپنا قانون ، طریقہ کار ہے، بار بار سیلاب میں کیوں لارہے ہیں ؟،آپ اتنے سیانے ہوتے تو پنجاب میں موجودہ حالت نہ ہوتی، آپ کچھ کرنے لائق ہوتے تو گھروں میں بیٹھ کر نہ بتارہے ہوتے سیلاب کہاں آنا ، کہاں بند ٹوٹنا تھا ایسے فیصلے حکومتیں حالات و واقعات کے مطابق کرتی ہیں۔