خدیجہ شاہ نے 5 سال قید کی سزا کوہائیکورٹ میں چیلنج کردیا


لاہور،اسلام آباد:(کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ نے سرکاری گاڑی جلانے کے الزم میں سنائی گئی5سال قید کی سزا کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

خدیجہ شاہ نے اپنے وکیل سمیر کھوسہ کی وساطت سے دائر اپیل موقف اختیار کیا گیا ٹرائل کورٹ نے قانونی تقاضوں کے برعکس فیصلہ سنایا،عدالت نے حقائق کا درست انداز میں جائزہ نہیں لیا،شواہد کو نظرانداز کیا گیا،ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دےکر بری کیا جائے۔

ادھراعظم سواتی کےخلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کی،وکیل سہیل سواتی نے کہا متعلقہ سوشل میڈیا سے تصدیق نہیں کی گئی اکاونٹ اعظم سواتی کا ہے،عدالت نے بریت درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا محفوظ فیصلہ 27 ستمبر کو سنایا جائے گا۔

دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ نے اعجازچودھری کی سزا کےخلاف اپیلیں 25ستمبر کو سماعت کےلئے مقرر کردیں،جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل 2رکنی بنچ سماعت کرے گا