مصنوعی نظام سسکیاں لے رہا ،منصوبہ سازوہوش کے ناخن لو،اپوزیشن اتحاد


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماﺅں نے کہاہے 8 فروری 2024 کو الیکشن لوٹ کر قائم کیا گیا مصنوعی نظام سسکیاں لے رہا ہے، انسان و غریب دشمن نظام اب گرنے والا ہے،لوگ بے یارو مددگار ، بے بس ہیں، پورا ملک سیلاب کی زد میں ہے، ملکی معیشت تباہ حالی کا شکار ، ڈالر کو مصنوعی طریقے سے روک دیا گیا ، موجودہ حکومت کشکول لیکر دوروں پر ہیں، گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، چند ہفتوں میں زرعی اجناس کا زبردست افراط زر آئے گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا ہائیکورٹ ججز کے خطوط نے سب کچھ واضح کردیا، خطوط عدلیہ کے نظام کی حقیقت سامنے لے آئے، ملک میں بدترین سیلاب اور حکومتی رہنما عالمی دورے کر رہے ہیں، منصوبہ سازوں کو کہتے ہیں ہوش کے ناخن لو، اب بھی وقت ہے قوم کو ساتھ لےکر چلو، سچ کو اپناﺅ اور حقیقت کو سمجھو ،تسلیم کرو،پی ٹی آئی رہنما نے کہااعلیٰ عدلیہ کو مفلوج کردیا گیا ،ملک کو زمینی خداوں سے آزاد کرانا ہے تو جمہوریت کےساتھ کھڑا ہونا ہوگا،بلوچستان میں سردار اختر مینگل کے قافلے پر حملہ افسوسناک ہے ،کارروائیاں کسی کو خاموش نہیں کرسکتیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا1973 میں بننے والے آئین میں طے پایا تمام لوگ اکٹھے رہیں گے، معاشرے میں آئین و قانون کا نفاذ ہونا چاہیے، جن معاشروں میں انصاف نہ ہو وہ معاشرے تباہ ہوجاتے ہیں،سیلاب سے پہلے آئین و قانون کی پامالی کا سیلاب آیا، فیصلہ کیا جائے اگر متحد رہنا ہے تو آئین و قانون کو تسلیم کرنا ہوگا۔

اسد قیصر نے کہا اختر مینگل کے جلسے میں ہونے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، ملک نیشنل ڈیزاسٹر سے گزر رہا ہے،بلوچستان ،خیبر کے بارڈر پر ڈیزاسٹر ہیں، ملک میں چھوٹے ڈیمز کی ضرورت ہے، سیلاب کی موجودہ صورتحال دیکھ کر ڈیمز بنانے کا فیصلہ کرنا چاہیے، وفاق صوبوں کےساتھ مل کر نئے ڈیمز کی تشکیل پر عملی جامہ پہنائے۔

زبیر عمر نے کہا وزیراعظم نے چین میں تقریر کی جب سے حکومت آئی ایک روپے کی کرپشن نہیں ہوئی، وزیراعظم نے بین الاقوامی سطح پر جھوٹ بولا، اکاو¿نٹنٹ جنرل کی رپورٹ میں واضح ہے 300 ارب کی کرپشن ویٹ سکینڈل میں ہوئی،شوگر مل اونرز کی جیب میں شوگر مل سکینڈل کے ذریعے 300 ارب روپے گئے۔

مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ملک کے حالات سے سبھی افراد خوب واقف ہیں، سب جانتے ہیں آزادی اظہار رائے کی کتنی آزادی ہے، میڈیا کے بڑے اینکرز کو شوز سے ہٹا دیا گیا، کچھ دن قبل صحافی کو رہائش گاہ سے اٹھا لیا گیا جب ٹوئٹ دیکھا تو کوئی نامناسب بات نہیں لکھی ہوئی تھی، سپریم کورٹ، ہائی کورٹ کے ججز جب کہیں گے عدلیہ آزاد نہیں تو میں اور آپ کہاں جائیں گے؟۔