عوام کی آواز سنیں ورنہ ملک ،جمہوریت کیلئے سنگین خطرات ہوں گے،بیرسٹر گوہر
پشاور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے سزاوں کا جمعہ بازار لگا، عوام کی آواز سنیں ورنہ ملک ،جمہوریت کیلئے سنگین خطرات ہوں گے۔
صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا پشاور ہائیکورٹ نے نااہلی نوٹیفکیشن پر مزید کارروائی کو روک دیا، ناانصافیوں کا سلسلہ اب رک جانا چاہیے،پی ٹی آئی کےساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جارہا ہے،الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیجا نہیں اور راتوں رات نااہل کردیا،سیاسی مسائل کا حل مذاکرات میں ہے،عوامی مینڈیٹ کی عزت نہیں ہوگی تو ملک مزید خطرے میں ہوگا اب بھی وقت ہے تمام سزائیں ختم کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاجشن آزادی منانے کےساتھ بانی پی ٹی آئی کی آزادی کیلئے آواز بھی اٹھائیں گے،دہشتگردی کی روک تھام آئین کے مطابق وفاق کی ذمے داری ہے، آپریشن سے لوگ در بدر ہو جاتے ہیں۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا 14 اگست کو پوری قوم بانی پی ٹی آئی عمران خان ،پی ٹی آئی سے وابستگی کا اظہار کرے گی،بانی پی ٹی آئی کے پیچھے پوری قوم متحد ہے،14اگست کو باہر نکلے گی۔
اعظم سواتی نے کہا14 اگست قائداعظم کی فتح کا دن ہے، احتجاج نہیں کریں گے، یوم آزادی پورے جوش و جذبے سے منائیں گے،کس نے کہا 14 اگست کو احتجاج ہوگا؟ ۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا دعا کر سکتے ہیں ججز ہمت کر کے انصاف اور سزائیں غیر قانونی قرار دیں،بانی پی ٹی آئی کے 9 مئی مقدمات میں سپریم کورٹ آئے تھے، اگلے ہفتے تک اپیلیں لگ گئیں ،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر اپیل سنتے ہی نہیں ہے، شکر ہے سپریم کورٹ نے 19 اگست کی تاریخ دےدی ۔



















