لاہور (نوید چودھری) پاکستان تحریک انصاف کے اندر موجودہ حالات میں بیانئے اور حکمت عملی کے حوالے سے واضح تقسیم سامنے آگئی ہے۔ پارٹی کے صدر و وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے لاہور میں تقریب کے دوران بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کیلئے 90 روزہ احتجاجی تحریک کا اعلان کیا جبکہ عمران خان نے چند روز قبل جیل سے 5 اگست کو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کی کال دی تھی۔ دونوں اعلانات کے درمیان وقت اور انداز میں پایا جانے والا فرق پارٹی کے اندر گروپ بندی، اختلاف رائے اور تنظیمی سطح پر ہم آہنگی کے فقدان کو نمایاں کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق گنڈا پور کے 90 روزہ پلان کی حمایت خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کئی رہنما کررہے ہیں جن میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے قریبی افراد اور چند ایم این ایز شامل ہیں۔ ان حلقوں کا موقف ہے کہ فوری احتجاج پارٹی کو مزید سیاسی دباو اور گرفتاریوں کی طرف لے جا سکتا ہے، اسلئے تدریجی دباو زیادہ موثر ثابت ہو سکتا ہے۔ لاہور جلسے میں گنڈا پور نے اعلان کیا کہ تحریک کا نقطہ عروج 5 اگست ہو گا لیکن اصل فیصلے آئندہ 90 روز میں کیے جائیں گے۔ دوسری جانب عمران خان کے 5 اگست کی کال کو پارٹی کے نظریاتی حلقوں اور پنجاب تنظیم کے کئی رہنما اولین حیثیت دے رہے ہیں۔ پارٹی کی مرکزی رہنما و چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ ملک نے گنڈا پور کے اعلان پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنوں اور تنظیم کو 5 اگست کی تاریخ سے آگاہ کیا جا چکا تھا، اس کے باوجود اچانک 90 روزہ پلان پیش کر دینا کارکنوں میں کنفیوژن پیدا کرنے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی منصوبہ پارٹی کے اندر پیشگی مشاورت کے بغیر سامنے لایا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تنظیمی سطح پر مکمل ہم آہنگی موجود نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی کارکن اور سوشل میڈیا ٹیمز بھی اس معاملے پر الجھن کا شکار ہیں کہ آیا 5 اگست اب بھی حتمی احتجاج کی تاریخ ہے یا گنڈا پور کے بیان کے مطابق یہ صرف ایک مرحلہ ہوگا۔ اس ابہام کی وجہ سے پارٹی کے نیچے تک کے ڈھانچے میں پیغام رسانی متاثر ہوئی ہے، جو کسی بھی تحریک کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اس وقت ایک نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں عمران خان کی غیر موجودگی کے باعث بیانئے پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوششیں مختلف گروپوں کے درمیان کشمکش کو جنم دے رہی ہیں۔ اگر قیادت کی سطح پر جلد بیانئے پر یکجہتی نہ پیدا کی گئی تو نہ صرف احتجاجی مہم متاثر ہو سکتی ہے بلکہ کارکنوں کے اعتماد اور عوامی رابطے پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی میں بیانئے اور حکمت عملی کے حوالے سے واضح تقسیم



















