انسانی حقوق کے علمبردار بلوچستان میں مظالم پر آواز کیوں نہیں اٹھاتے؟ عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا انسانی حقوق کے علمبردار بلوچستان میں مظالم پر آواز کیوں نہیں اٹھاتے؟،دہشتگردی کےخلاف پوری قوم متحد ہے ،ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کےلئے ریاست کو مزید مضبوط اقدامات کرناہوں گے،ان خیالات کا اظہار انہوںنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

عظمیٰ بخاری نے کہا دنیاپور کے 2بھائی اپنے والد کے جنازے میں شرکت کےلئے سفر کر رہے تھے، شناختی کارڈ دیکھ کر بس سے اتار کر شہید کر دیا گیا، ایک ہی گھر سے 3جنازے اٹھے، ناقابل برداشت اور انتہائی تکلیف دہ منظر ہے،بلوچستان میں دہشتگردی کا واقعہ ہوتا ہے تو انسانی حقوق کے نام نہاد چیمپئن خاموش ہو جاتے ہیں، اتنے بڑے سانحہ پر بھی کچھ حلقے یکجہتی کی بجائے الزام تراشی کرتے نظر آ رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا پنجاب حکومت کا ترجیحی ایجنڈا صحت ہے ،وزیراعلیٰ مریم نواز شعبہ صحت کی بہتری کےلئے دن رات محنت کر رہی ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں مفت سہولیات فراہم ،ادویات مریضوں کودہلیز پرمل رہی ہیں،ہیلتھ کارڈ کے ذریعے نجی ہسپتالوں میں بھی علاج کی سہولت بدستور موجود ہے،ہیلتھ کارڈ پر کیے جانے والے منفی پروپیگنڈے کو رد کرتے ہیں،آڈٹ رپورٹ جلد منظر عام پر لائی جائے گی تاکہ عوام کو اصل حقائق معلوم ہو سکیں۔

عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا احتجاج کرنا پرانی عادت ہے فرق نہیں پڑتا،عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، الزام تراشی اور افواہوں سے حکومت نہیں چلتی،پنجاب نے نہ پہلے احتجاج کی کال پر ردعمل دیا اور نہ اب دے گا، پی ٹی آئی تحریک کےلئے کے پی حکومت سے فنڈز نکلوائے گئے،طوفانی بارش میں پانی کا جمع ہونا قدرتی امر ہے، بارش کے پانی کی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں، سوشل میڈیا پر آنے والی تصویریں ڈی ایچ اے کی تھیں، ڈی ایچ اے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔