فلسطینیوں کو غزہ سے بے دخل کرنے کا منصوبہ،نیتن یاہو کا دو ریاستی حل سے انکار


واشنگٹن،تل ابیب،غزہ،برازیلیا:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز) فلسطینیوں کو غزہ سے بے دخل کرنے کا منصوبہ ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دو ریاستی حل سے انکار کردیا۔

بینجمن نیتن یاہو نے وائٹ ہاوس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران فلسطین میں دو ریاستی حل کو مسترد کرتے ہوئے کہافلسطینیوں کےساتھ امن چاہتے ہیں مگر آزاد فلسطینی ریاست اسرائیل کو تباہ کرنے کا پلیٹ فارم ہوگی، فلسطینیوں کو حکومت کرنے کا حق ہونا چاہیے لیکن سکیورٹی جیسے معاملات ہمیشہ اسرائیل کے کنٹرول میں رہنے چاہئیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا فلسطینیوں کو خود پر حکومت کرنے کے تمام اختیارات حاصل ہونے چاہئیں لیکن کوئی بھی ایسی طاقت نہ ہو جو خطرہ بنے اب لوگ کہیں گے مکمل ریاست نہیں مگر کوئی پرواہ نہیں لوگ کیا کہتے ہیں۔

ٹرمپ نے فلسطینیوں کو غزہ سے بے دخل کرنے کے متنازع منصوبے پر پیشرفت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا اطراف کے تمام ممالک سے شاندار تعاون ملا کچھ اچھا ہونےوالا ہے،نیتن یاہو نے کہاغزہ کے رہائشیوں کو ہمسایہ ممالک میں منتقل کرنے کی کوششوں میں امریکہ ساتھ دے رہا ہے، ٹرمپ نے تصدیق کی ٹیم خطے میں سرگرم ہے اور جلد اہم فیصلے متوقع ہیں،اسرائیلی وزیراعظم نے کہااگر فلسطینی جانا چاہیں تو جانے دیا جائےگا،بہتر مستقبل تلاش کر رہے ہیں

امریکی صدر نے کہاامریکہ نے ایران سے مذاکرات طے کر لیے ، تہران بات چیت کیلئے تیار ہے،کسی مناسب وقت پر پابندیاں اٹھالوں گا،پاکستان ،بھارت کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں، تجارت کے نام پر دونوں ممالک نے جنگ روکی، دنیا میں جنگیں رکوانے کیلئے مسلسل کوششیں کررہا ہوں، امید ہے اسرائیل ایران جنگ ختم ہو گئی، ایران پر ایک اور حملے کی ضرورت نہیں پڑے گی،اسرائیلی وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کےلئے نامزد کر تے ہوئے کہاکمیٹی کو خط بھیج دیا۔

ادھر اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ کے تمام فلسطینیوں کو جبری بے دخل کر کے رفح ملبے پر قائم کیمپ میں زبردستی منتقل کرنے کا منصوبہ پیش کر دیا،وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کیمپ ”انسانی ہمدردی کا شہر“ ہوگا،فلسطینیوں کو کیمپ میں داخل ہونے سے پہلے سکیورٹی سکریننگ سے گزرنا ہوگا ایک بار اندر جانے کے بعد باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،اسرائیلی فورسز اردگرد کنٹرول سنبھالیں گی اور ابتدائی طور پر تقریباً 6 لاکھ فلسطینیوں کو علاقے میں منتقل کیا جائے گا،اسرائیل کا مقصد ہجرت کے منصوبے پر عمل درآمد کرنا ہے اور عملدرآمد ہو کر رہے گا۔

علاوہ ازیں اسرائیل نے غزہ کے زیر قبضہ علاقے خالی کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ،وزیر دفاع اسرائیل کا ٹز نے کہاغزہ کے زیر قبضہ 75 فیصد حصے میں سے زیادہ تر خالی کردیں گے ،25 فیصد علاقے میں جنگ جاری رکھنا غیر ضروری ہوگا،حماس کےساتھ 60 روزہ جنگ بندی ہوجائےگی،جنگ بندی کے نتیجے میں حماس 10 زندہ یرغمالیوں کو واپس کرے گی ،ہلاک یرغمالیوں میں سے نصف کی لاشیں بھی واپس دے دی جائیں گی۔

ادھرسعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے 17ویں برکس سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاامن صرف دو ریاستی حل کی بنیاد پر ہی ممکن ہے،غزہ میں شہریوں اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا انسانی قوانین کےخلاف ہے،عالمی برادری انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے، غزہ میں انسانی المیے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

فیصل بن فرحان نے کہاعالمی سطح پر پانی کی منصفانہ دستیابی یقینی بنانے کےلئے سعودی عرب نے عالمی تنظیم برائے پانی کے قیام میں کردار ادا کیا ،سعودی ویژن 2030 کے تحت صحت کے شعبے میں اصلاحات جاری ہیں، حج و عمرہ جیسے بڑے اجتماعات کو جدید معیار کے مطابق بنا دیا ۔

دوسری جانب شمالی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں5 اسرائیلی فوجی ہلاک ،14زخمی ہوگئے،رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں نے بکتر بند گاڑی کو دھماکے سے نشانہ بنایا،عرب میڈیا کے مطابق حملے میں نشانہ بننے والے اسرائیلی فوجی "Yahalom" یونٹ سے تعلق رکھتے تھے۔