عمران خان کی تقاریر نے عوام کو بھڑکایا،ضمانتیں مسترد ہونے کاتحریری فیصلہ

لاہور:(کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کی تقاریر نے عوام کو بھڑکایا،حملوں سے ریاستی املاک کو نقصان پہنچا،لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے8مقدمات میں ضمانت درخواستیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالت نے قرار دیا دلیل قابل قبول نہیں 9مئی کو بانی پی ٹی آئی جیل میں تھے،عدالت نے اہلکاروں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا پولیس کے مطابق 9مئی واقعات کا منصوبہ 4 مئی کو تیار کیا گیا ،پلان بانی پی ٹی آئی نے ہی بنایا ،بانی پی ٹی آئی کے کیس کی نوعیت شریک ملزموں سے مختلف ہے کیونکہ وہ لیڈر تھے اور الفاظ و بیانات سے ریاستی املاک کو نقصان پہنچا۔

فیصلے میں کہا گیا ریاستی اداروں،حکومت کو دباو میں لانے کےلئے مجرمانہ طاقت کا استعمال کیا گیا،پراسیکیوشن کے پاس آڈیو، ویڈیو ،ٹرانسکرپٹ بطور ثبوت موجود ہے جو بانی پی ٹی آئی کی مبینہ سازش و کردار کی نشاندہی کرتا ہے،بانی پی ٹی آئی کی طرف سے ادا کیے گئے سازشی الفاظ و تقاریر نے عوام کو بھڑکایا،نتیجے میں ریاستی اداروں پر حملے کیے گئے۔

جسٹس شہباز علی رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے 7صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہاتمام مقدمات ضابطہ فوجداری سیکشن 497 کے زمرے میں آتے ہیں ، مزید تحقیقات کی ضرورت ہے،ٹرائل کورٹ نے پولی گرافک، فوٹوگرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرانے کی اجازت دی ، بظاہربانی پی ٹی آئی نے تفتیشی عمل میں تعاون نہیں کیا،درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔