اسرائیل کانیوکلیئر سائٹ پر حملہ، سائنسدان سمیت متعدد شہید،ایران کے جوابی وار

تہران،تل ابیب:(مشرق نیوز)اسرائیل کا اصفہان میں نیوکلیئر سائٹ پر حملہ، جوہری سائنسدان ایثار طباطبائی قمشہ اہلیہ سمیت شہید،قدس فورس کے سربراہ سعید یزد ،پاسداران انقلاب کے 4 اہلکار بھی مارے گئے ،تہران کاجوابی وار، میزائلوں سے اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا،متعدد شہردھماکے سے گونج اٹھے۔

اسرائیلی فوج نے ایران میں میزائل ذخیرہ گاہوں ،لانچنگ سائٹس پر نئی فضائی کارروائیاں کیں،اصفہان میں نیوکلیئر سائٹ پر حملے کے نتیجے میں جوہری سائنسدان ڈاکٹر سید ایثار طباطبائی قمشہ اہلیہ سمیت شہید ہوگئے،تبریز میں تربیتی مرکز پر حملے میں ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (پاسداران انقلاب) کے 4 اہلکار وں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

اسرائیلی فوج نے بیان میں کہاایران کے وسطی علاقے میں حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا،میزائلوں کے ذخیرے ،لانچنگ انفرسٹرکچر کو نشانہ بنایا، داخلی سکیورٹی مرکز تباہ کردیا، ڈرون حملے میں قدس فورس کے سربراہ سعید یزد بھی شہید ہوگئے۔

ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ”فارس“ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے اصفہان میں جوہری تنصیب کو نشانہ بنایا گیا ،حملے کے نتیجے میں کسی قسم کے خطرناک مواد کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی۔

ادھرایرانی میزائلوں کی بارش سے اسرائیل پھر لرز اٹھا،شہر شہر دھماکوں کی گونج رہی،ایران نے فوجی مراکز، فضائی اڈے، دفاعی صنعتیں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنایا،بموں کے خوف سے اسرائیلی شہری بنکروں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

دریں اثنا ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کوئی بھی تیسرا فریق جنگ میں شامل ہوا تو فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی،بیرونی کرداروں نے تنازع بڑھانے کی کوشش کی تو ایران کا ردعمل فوری، متناسب اور پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہوگا،اسرائیلی جارحیت میں شامل مغربی قوتوں بالخصوص امریکہ کےخلاف خود مختاری کا دفاع کرینگے۔