لاہور،کراچی:(اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ)سندھ،پنجاب حکومت پھر آمنے سامنے،ایک دوسرے پر تنقید کے نشتر چلادئیے۔
اپنے بیان میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا تاثر ختم کرنا ہوگا پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر ہے، موجودہ پنجاب حکومت کا رویہ متکبرانہ ،سیاسی حق تلفیوں پر مبنی ہے، پنجاب حکومت نفرت ،تقسیم در تقسیم کی سیاست کو ہوا دے رہی ہے جو افسوسناک امر ہے،پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے،کیا بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ آئین کے خلاف ہے یا پھر پنجاب میں عوام کو بنیادی حق دلانا جرم ہے؟۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا پنجاب میں بلدیاتی ادارے فعال نہیں، نچلی سطح پر کوئی جواب دہ نظام موجود نہیں تو خاموش تماشائی بن کرنہیں بیٹھ سکتے، پنجاب میں بلدیاتی نظام کی بحالی، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی عوام کا حق ہے، پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کرتی رہے گی۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا سندھ میں آپ اچھا سسٹم لے آئے تو چلیں شاباش اب کراچی کا کوڑا تو اٹھالیں، متکبر ، غرور سے بھرے لوگ 2،3ٹرم سے اقتدار انجوائے کر رہے ہیں ، کارکردگی زیرو ہے،مریم نواز تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہوئیں، مریم نواز نے عاجزی ،خدمت کو اپنا اوڑنا بچھونا بنایا، عاجزی ،انکساری ہی مقبولیت کی وجہ ہے،مریم نواز کے طرز حکومت کے سندھ کے لوگ بھی دیوانے ہیں، مریم نوازکی مقبولیت ہی آپ کا اصل مسئلہ ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہامریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، جلنے کڑھنے ، بیان بازی کا کوئی فائدہ نہیں،سندھ میں بیٹھے متکبر لوگوں کو سندھیوں کے حال پر رحم کھانا چاہئے جس جماعت کے پنجاب کے صوبائی حلقوں سے 400 ، یونین کونسل سے 50 ووٹ نکلتے جلد ہی ان کا امتحان آنے والا ہے۔
پنجاب کسی کی جاگیر نہیں،شرجیل ،سندھ پر رحم کریں،کوڑا اٹھائیں،عظمیٰ



















