اسرائیلی دہشتگردی،یورپی سفارتی وفد پر بھی گولیاں برسا دیں، مزید93فلسطینی شہید

غزہ،تل ابیب،اوٹاوا،ریاض،میڈرڈ: (مشرق نیوز) اسرائیل نے سفارتی اخلاقیات کی بھی دھجیاں اڑا دیں،مغربی کنارے کے علاقے میں دورے پر آئے سفارتی وفد پر گولیاں برسادیں۔

یورپی یونین کا وفد جنین کیمپ میں اسرائیلی آپریشن کی تباہ کاریوں کامعائنہ، اسرائیلی اقدامات کی دستاویزات تیار کرنے آیا تھا، وفد نے بھاگ کر جان بچائی، وفد کی آمد کا باضابطہ طور پر اسرائیلی فوج کا آگاہ کیا گیا تھا،اسرائیلی فوج نے سفارتکاروں پر فائرنگ کے واقعہ پر معافی مانگتے ہوئے کہا دورے کے دوران سفارتکار اسرائیلی فوج کےساتھ پہلے سے طے شدہ راستے سے ہٹ رہے تھے، سفارتی وفد ایسے علاقے میں داخل ہوا جہاں داخلے کی اجازت نہیں۔

ادھرسعودی عرب ، اٹلی، فرانس ،سپین، بیلجیئم،کینیڈا ،برطانیہ،یورپی یونین و دیگر ممالک نے سفارتی وفد پر اسرائیلی فورسز کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی سفیروں کو طلب کر لیا۔

مزید بر آں اسرائیلی افواج نے غزہ پر شدید بمباری کرتے ہوئے مزید 93 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، یہودی آبادکاروں نے مغربی کنارے کے گاوں میں حملہ کر کے مسجد کو آگ لگانے کی کوشش کی،قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی حملے میں جابلیہ میں النضر خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا گیا، 4 افراد موقع پر ہی شہید ، متعدد زخمی ہو گئے، وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی جنگ میں اب تک 53655افراد شہید اور 122000سے زائد زخمی ہو چکے ۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہاغزہ پر مکمل کنٹرول تک جنگ جاری رہے گی،عارضی جنگ بندی ، یرغمالیوں کے تبادلے کے معاہدے کےلئے تیار ہیں مگر غزہ کو مکمل خالی کرنا ہوگا، اسرائیلی فوج کا ہدف موجودہ آپریشن کے اختتام تک پورے غزہ پر کنٹرول حاصل کرنا ہے، اسرائیل جنگ اس وقت ختم کرے گا جب کچھ واضح شرائط پوری ہوںجو ملک کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں،برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس رہنما محمد سنوار کی شہادت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا وہ اسرائیلی حملے میں مارے گئے،خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس کی جانب سے محمد سنوار کو مارے جانے کی تصدیق نہیں کی گئی۔