پی ٹی آئی اور اپوزیشن اتحاد کا سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن اتحاد نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے وکلا اور بہنوں نے ملاقات میں اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی بات کی، بانی کو اپوزیشن اتحاد اور محمود اچکزئی کے سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کے موقف سے آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کے معاملے کو آگے بڑھانے کا پلان بنانے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی قیادت اور اپوزیشن اتحاد کو فیصلے پر عملدرآمد کا اختیار دیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ حکومت کو پارلیمنٹ کے باہر اور اندر ٹف ٹائم دیں۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سپیکر اور وزیراعظم دونوں کے خلاف عدم اعتماد کا سوچ رہے ہیں تاہم پاکستان، بھارت کشیدگی کی وجہ سے عدم اعتماد کا معاملہ وقتی طور پر روکا ہے۔