اسلام آباد :(بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل میں پاکستان کو بہترین شراکت دار مل گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شہبازشریف نے دیرپا امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرنے پر امریکی صدر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاٹرمپ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، کئی دہائیوں سے پاکستان ، امریکہ نے باہمی مفادات کے تحفظ اور فروغ کےساتھ دنیا کے اہم حصوں میں امن ،سلامتی کےلئے ملکر کام کیا ،پاکستان کو صدر ٹرمپ کی شکل میں بہترین پارٹنر ملا جو دونوں ممالک کی سٹرٹیجک شراکت داری کو دوبارہ تقویت دے سکتا ہے اورنہ صرف تجارت و سرمایہ کاری بلکہ تعاون کے دیگر تمام شعبوں میں پاکستان ،امریکہ کے دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کر سکتا ہے۔
دریںاثنا ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیرمقدم کرتا ہے ،دیرینہ تنازع مسئلہ کشمیر کے جنوبی ایشیا اور باہر کے امن و سلامتی کیلئے اثرات دوررس ہیں، پاکستان اعادہ کرتا ہے مسئلہ کشمیرسلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہو،کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سمیت حق خودارادیت کے حصول کو یقینی بنانا چاہئے۔
دفتر خارجہ نے کہاجنگ بندی میں دیگر دوست ممالک سمیت امریکہ کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں، کشیدگی میں کمی علاقائی استحکام کی طرف قدم ہے، پاکستان امن، سلامتی کی کوششوں میں امریکہ ،عالمی برادری کےساتھ شامل ہونے کےلئے پرعزم ہے،امریکہ کےساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں شرکت داری مزید گہری کرنا چاہتے ہیں، پاکستان امن و استحکام کےلئے تعاون جاری رکھے گا۔
پاکستان کو ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل میں بہترین شراکت دار مل گیا،وزیراعظم



















