نیویارک (مشرق نیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بندہ کمرہ اجلاس میں پاکستان اور بھارت کے مابین جاری کشیدہ صورتحال پر مشاورت کی، اس دوران علاقائی سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورت حال، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق یہ اجلاس پاکستان کی درخواست پر بھارت کے حالیہ یکطرفہ اقدامات اور اشتعال انگیز عوامی بیانات کے پیش نظر طلب کیا گیا تھا جس سے فوجی محاذ آرائی کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے، اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔
اجلاس کے دوران سلامتی کونسل کے ارکان نے کشیدگی کے بڑھتے ہوئے خطرے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تحمل اور کشیدگی میں کمی کی فوری ضرورت پر زور دیا، ارکان سلامتی کونسل نے کشیدگی کو کم کرنے، فوجی محاذ آرائی، تنازعات سے بچنے اور مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کیلئے بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق متعدد ارکان سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کا دیرینہ تنازع علاقائی عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے، اور اسے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، کونسل کے کئی ارکان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین اور ذمہ داریوں کے احترام پر زور دیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات پر روشنی ڈالی، جن میں 23 اپریل کو اعلان کردہ یکطرفہ اقدامات اور جارحانہ فوجی رویہ شامل ہے، انہوں نے متنبہ کیا کہ یہ اقدامات غیر منصفانہ اور خطرناک ہیں اور تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
پاکستان نے سلامتی کونسل کے ارکان کو انٹیلی جنس معلومات سے بھی آگاہ کیا، جن کے مطابق پاکستان کے خلاف بھارت کی جانب سے کارروائی کے خطرات ہیں، اجلاس میں واضح کیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے دفاع کا بنیادی اور قانونی حق استعمال کرے گا، تاہم پاکستان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا۔
پاکستان نے بھارت کی جانب سے 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے حملے سے منسلک بے بنیاد الزامات کو واضح طور پر مسترد کردیا اور کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات بغیر کسی تحقیقات یا قابل اعتماد شواہد کے لگائے گئے ہیں۔پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے واقعات کو جارحیت کا جواز پیش کرنے یا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔
یاد رہے کہ بھارت نے ماضی میں ان واقعات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کو کمزور اور غیر قانونی قرار دیا تھا، اپنی ریاستی دہشت گردی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو چھپایا تھا۔سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے خلاف ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی، پاکستان اور دیگر جگہوں پر ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کے ملوث ہونے پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
سلامتی کونسل کے ارکان کو بھارت کی جانب سے 1960 کے تاریخی سندھ طاس معاہدے کو روکنے کے یکطرفہ فیصلے کے بارے میں بھی آگاہ کیا گی، پاکستان نے متنبہ کیا ہے کہ اس کے حصے کے قدرتی بہاو کو روکنے یا موڑنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور کریں گے۔پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے اپنے دفاتر اور کونسل کے ارکان کی پیشکش کے مطالبے کا خیر مقدم کیا، اور کشیدگی کو کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کیں۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری بالخصوص سلامتی کونسل کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسے تنازع سے بچنے کے لیے فوری اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرے، جس کے جنوبی ایشیا اور اس سے باہر تباہ کن نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔واضح رہے کہ بھارت پاکستان سوال اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے کا سب سے پرانا موضوع ہے جس کے تحت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جموں و کشمیر کے تنازع پر توجہ مرکوز رکھتی ہے۔
سلامتی کونسل کا مسئلہ کشمیر کے حل، بھارت پر سندھ طاس معاہدے کے احترام پر زور



















