واشنگٹن (بیورو رپورٹ) جیسے جیسے لائن آف کنٹرول پر بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی بڑھ رہی ہے، ویسے ویسے وسیع تر تنازع کا خدشہ بھی بڑھتا جا رہا ہے، خاص طور پر اسلئے کہ دونوں ممالک جوہری طاقت کے حامل ہیں اور ایک طویل تاریخی دشمنی رکھتے ہیں۔ سرحد پار جھڑپیں، سیاسی بیان بازی اور جارحانہ روئیے بین الاقوامی برادری میں اس بات پر تشویش بڑھا رہے ہیں کہ کہیں کوئی غلطی بڑی تباہی کا سبب نہ بن جائے۔ یہ تازہ کشیدگی متعدد جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور سفارتی تنازعات کے بعد سامنے آئی ہے۔ ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اگر فوری طور پر کشیدگی کم نہ کی گئی تو یہ صورتحال بے قابو ہو سکتی ہے جو نہ صرف علاقائی امن بلکہ عالمی استحکام کیلئے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔ اس بحران کے دوران بہت سے بین الاقوامی مبصرین اور تجزیہ کاروں کی نظریں امریکہ اور خاص طور پر صدر ٹرمپ کی جانب مرکوز ہیں جنہیں اس تنازع کو حل کرنے میں ایک فیصلہ کن شخصیت قرار دیا جا رہا ہے۔ اپنی غیر روایتی لیکن جراتمند سفارتکاری کیلئے مشہور ٹرمپ نے بارہا دعویٰ کیا ہے کہ وہ ”دنیا کے سب سے بہترین مذاکرات کار“ہیں، اور انکی 2024 کی انتخابی مہم میں عالمی امن کو بنیادی حیثیت دی گئی تھی۔ اپنے سابق دور صدارت میں بھی ٹرمپ شمالی کوریا کے ساتھ براہ راست بات چیت کا آغاز کر کے، مشرق وسطیٰ میں معمول کے تعلقات کے معاہدے کروا کر اور یہاں تک کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کر کے عالمی خبروں کی زینت بنے تھے۔ اگرچہ اس وقت انکی پیشکش کو رسمی طور پر قبول نہیں کیا گیا لیکن یہ ان کی جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے دلچسپی کا اشارہ تھا۔ ٹرمپ کے حامیوں کا کہنا ہے کہ انکے بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات اور انکی عالمی سطح پر توجہ حاصل کرنے کی صلاحیت انہیں اس مقام پر لے آتی ہے جہاں وہ دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لا سکتے ہیں۔ ایک سفارتی تجزیہ کار کے مطابق دنیا دیکھ رہی ہے، اگر کوئی ایسا شخص ہے جو دونوں رہنماوں کو براہ راست اور بے باک انداز میں بات کر سکتا ہے تو وہ ٹرمپ ہیں۔چونکہ بھارت اور پاکستان دونوں جوہری طاقت رکھتے ہیں، اسلئے کسی تیسرے فریق کی مداخلت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ شدید ہے۔ امریکہ جو کہ ایک عالمی طاقت ہے، اس کیلئے اخلاقی اور تزویراتی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس مسئلے میں کردار ادا کرے۔اس وقت دنیا ایک اور بڑے تنازع کے دہانے پر کھڑی ہے، وہاں سفارتکاری ہی واحد راستہ ہے اور بہت سے لوگوں کیلئے اسکا مطلب ہے کسی ایسے شخص کی جانب رجوع کرنا جس کے پاس اثر بھی ہو اور جرات بھی، ایسا شخص جو ایک دیرینہ اور حساس تنازع کو حل کرنے کی ہمت رکھتا ہو۔
پاکستان، بھارت کشیدگی، دنیا بھر کی نگاہیں ٹرمپ پر مرکوز



















