نیویارک (بیورو رپورٹ) جوں جوں 2025 کے نیویارک سٹی میئر کے انتخابات قریب آ رہے ہیں، موجودہ میئر ایرک ایڈمز چیلنجز دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں۔ حالیہ کوئنی پیاک یونیورسٹی کے ایک سروے کے مطابق انکی مقبولیت صرف 20 فیصد رہ گئی ہے جو گزشتہ 30 برسوں میں کسی بھی نیویارک سٹی کے میئر کیلئے سب سے کم ہے۔ مزید برآں 56 فیصد ووٹرز کا کہنا ہے کہ انہیں استعفیٰ دیدینا چاہئے جبکہ 67 فیصد انکی کارکردگی سے ناخوش ہیں۔اسکی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ انہوں نے اپنے اردگرد بدعنوان افراد کو تعینات کیا جن میں رابطہ افسر عطیہ شہناز اور احسن چغتائی جیسے فراڈئیے شامل ہیں۔ ان تعیناتیوں کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی نے بھی ان سے اپنی حمایت واپس لے لی ہے۔ پہلے دور حکومت میں انہیں کنسٹرکشن مافیا کی بھرپور حمایت حاصل تھی جس کے بل بوتے پر وہ منتخب ہوئے تھے۔ ایڈمز کی انتظامیہ ایک وفاقی بدعنوانی کی تحقیقات کی زد میں بھی ہے جس میں ایک ”سٹراو ڈونر سکیم“ شامل ہے جس کے تحت انکی 2021 کی انتخابی مہم سے وابستہ 6 افراد پر فرد جرم عائد کی گئی جن میں سے تین نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ میئر نے اپنی بے گناہی کا دعویٰ کیا ہے اور وہ تاحال اپنے عہدے پر قائم ہیں تاہم ان پر عوام کا اعتماد بری طرح متزلزل ہو چکا ہے۔ دوسری طرف سابق گورنر اینڈریو کومو جنہوں نے 2021ءمیں جنسی ہراسانی کے الزامات کے باعث استعفیٰ دیا تھا، میئر کے الیکشن کے ذریعے دوبارہ سیاست میں واپسی کی کوشش کر رہے ہیں۔ انکے متنازع ماضی کے باوجود ابتدائی سروے میں انہیں 34 سے 40 فیصد عوامی حمایت حاصل ہے۔ تاہم انکی انتخابی مہم پر یہ الزام ہے کہ وہ ووٹرز سے براہ راست رابطے سے گریز کر رہے ہیں اور “ریڈ باکسنگ” جیسے طریقوں سے سپر پیک کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کر رہے ہیں۔ایک اور امیدوار سٹی کونسل سپیکر ایڈرین ایڈمز ہیں جنہیں بڑی LGBTQ سیاسی تنظیموں کی حمایت حاصل ہے اور وہ شمولیتی قیادت اور سماجی انصاف کو اپنی مہم کا مرکز بنا رہی ہیں۔سٹی کمپٹرولر بریڈ لینڈربھی امیدواروں کی دوڑ میں شامل ہیں جو مالی ذمہ داری اور شفافیت پر زور دے رہے ہیں۔ انہیں مختلف عوامی مفاداتی گروپوں کی حمایت حاصل ہے اور وہ خود کو ایک اصلاحاتی امیدوار کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں ایک اور امیدوار سٹیٹ سینیٹر زیلنور میری ہیں جنہوں نے کومو کی جانب سے اتحاد کی پیشکش کو مسترد کیا ہے اور وہ اپنی آزادانہ پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ وہ سستے رہائش اور فوجداری نظام انصاف میں اصلاحات کے حامی ہیں۔اسمبلی ممبر زوہران مامدانی بھی میئر کے انتخاب میں دلچسپی رکھتے ہیں جو ڈیموکریٹک سوشلسٹس آف امریکہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وہ رہائش اور امیگریشن سے متعلق پالیسیوں کے حق میں ہیں۔ ان کی تجاویز پر بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی ہے، خاص طور پر بچوں کی فلاح و بہبود سے متعلق ان کے موقف پر۔میئر نیویارک کے الیکشن کیلئے ڈیموکریٹک پرائمری جون میں منعقد ہونی ہے اور موجودہ صورتحال میں مقابلہ مکمل طور پر کھلا ہوا ہے۔ ایڈمز کی گرتی ہوئی مقبولیت نے دیگر امیدواروں کیلئے میدان ہموار کر دیا ہے اور رینکڈ، چوائس ووٹنگ سسٹم کی موجودگی نے اس انتخاب کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے۔
نیویارک سٹی میئر الیکشن، انتخابی مہم میں گرما گرمی عروج پر



















