26اپریل کی ہڑتال اسرائیل، بھارت اور امریکہ پر مشتمل مثلث کےخلاف ہے،نعیم الرحمن


پشاور:(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے 26اپریل کی ہڑتال اسرائیل، بھارت اور امریکہ پر مشتمل مثلث کےخلاف ہے، قوم متحد ہو کر پیغام دے تینوں ممالک سے نفرت اور اہل غزہ کےساتھ ہے، شیطانی ٹرائی اینگل پوری دنیا میں بدامنی کا سبب ہے۔

پشاور میں آل تاجران غزہ یکجہتی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاسندھ طاس معاہدہ معطل کرنا آبی جارحیت ہے، پاکستان عالمی عدالت سے رجوع کرے، معاہدے کے آرٹیکل 12کے مطابق ایک ملک ختم نہیں کر سکتا، عالمی برادری مودی حکومت کے یکطرفہ اقدام کا نوٹس لے، ہندوتوا حکومت مسلمانوں، دلتوں، عیسائیوں سمیت بھارت میں بسنے والی تمام اقلیتوں کےخلاف ہے، حکومتی ذمہ داری ہے بھارت کےخلاف پوری قوم کو متحد کرے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا پہلے سے ایکسپوز مودی کو دنیا کے سامنے مزید نقاب کیا جائے،26اپریل کو پہیہ جام کےلئے ٹرانسپورٹر سے بھی رابطے کررہے ہیں، ملک بھر میں شٹرڈاون کےساتھ پہیہ جام بھی ہو گیا تو دنیا کو مزید واضح پیغام جائے گا، تاجروں سے اپیل کرتا ہوں مکمل یکسوئی سے ہڑتال کریں، پوری دنیا کو پتہ لگنا چاہیے فلسطین کےساتھ ہیں۔