فرانس نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کااعلان کردیا

پیرس،غزہ:(مشرق نیوز)فرانسیسی صدر ایمانول میکرون نے آنے والے مہینوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کااعلان کردیا۔

انٹرویو میں میکرون نے کہافیصلے کو جون میں اسرائیل فلسطین تنازع پر اقوام متحدہ کانفرنس میں حتمی شکل دینا چاہتا ہوں ،میزبانی فرانس اور سعودی عرب مشترکہ طور پر کریں گے،تسلیم کرنے کی جانب بڑھنا ہوگا اور آئندہ مہینوں میں ایسا کریں گے۔

فرانسیسی صدر نے کہا کسی کو خوش کرنے کیلئے نہیں کر رہا بلکہ تب کروں گا جب مجھے لگے گا صحیح ہے۔

دوسری جانب فلسطین کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وارسین اغابیکیان شاہین نے کہافرانس کی طرف سے تسلیم کرنا فلسطینی عوام کے حقوق اور دو ریاستی حل کے تحفظ کے مطابق درست قدم ہوگا ۔

ادھر اسرائیلی وزیر خارجہ جدعون سار نے ایکس پر ٹوئٹ میں لکھا ایسی کسی خیالی فلسطینی ریاست کو کسی بھی ملک کی جانب سے یکطرفہ تسلیم کرنا موجودہ زمینی حقائق کے تناظر میں دہشتگردی کےلئے انعام اور حماس کی حوصلہ افزائی کاباعث ہوگا۔