نہریں نکالنے کے منصوبے کیخلاف پی ٹی آئی کی قرارداد جمع

اسلا م آباد: (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کیخلاف قرارداد جمع کرادی،پیپلزپارٹی نے قرارداد ایجنڈے میں شامل نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا،پی ٹی آئی نے پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سے حمایت لینے کا بھی اعلان کر دیا۔

قرارداداپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی جانب سے زرتاج گل، احمد چھٹہ اور علی خان نے جمع کرائی،علی خان نے کہا پیپلزپارٹی نہروں کےخلاف ہے تو پی ٹی آئی کی قرارداد کی حمایت کرے،زرتاج گل نے کہاسندھ میں نئی نہریں نکالنے پر بے چینی ہے، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے۔

ادھر دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کےخلاف قرارداد کو ایجنڈے میں شامل نہ کرنے پر پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی نے احتجاج کیا،شازیہ مری نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی نے 7 اپریل کو دریائے سندھ پر مجوزہ نہروں کی تعمیر کےخلاف قرارداد جمع کرائی تھی مگر ایجنڈے کا حصہ نہیں بنایا گیا،ن لیگ اور ایم کیو ایم نے قرارداد کی حمایت نہیں کی، تحریک انصاف کے اراکین نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی۔

شازیہ مری نے کہا ن لیگی صوبائی وزراءکے تفرقہ انگیز بیانات نے صورتحال کو مزید بگاڑا،، تحریک انصاف کی حکومت کے دوران عمران خان نے دریائے سندھ پر دو نہروں کی منظوری دی تھی جس کی سندھ حکومت نے شدید مخالفت کی تھی،اگر پی ٹی آئی غلطیوں کا ازالہ کرنا چاہتی ہے تو پی پی کی قرارداد کی حمایت کرے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں پانی کی منصفانہ اور جائز تقسیم کےلئے جدوجہد کی ، ملک میں پانی کی تقسیم 1991 کے معاہدے کے تحت ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کی اجازت نہیں دے گی ، عوام کے پانی کے حقوق کے تحفظ کےلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔