دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے،اے این پی

پشاور:(بیورورپورٹ)اے این پی نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری کیخلاف رٹ پٹیشن خارج ہونے کے فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایمل ولی نے کہاعوامی نیشنل پارٹی معاملے کو بالکل بھی ادھورا چھوڑنے والی نہیں، اپنی قوم اور پختون سرزمین کے حق اور امن کیلئے عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا، فیصلے پر مجھے کوئی دکھ نہیں ،جب بھی تاریخ میں فیصلے کو پرکھا جائےگا، میرا موقف حق کے صفحے پر ہی ملے گا، معاملے کو سپریم کورٹ میں لےکر جائیں گے تاکہ غیر منصفانہ فیصلے کو چیلنج کیا جا سکے،40 ہزار دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری سے خیبرپختونخوا کو دہشتگردوں کے حوالے کردیا گیا ، پشاور ہائیکورٹ نے فیصلے میں عمل کو محض”انتظامی فیصلہ“قرار دیکر توثیق کردی ،عدالت نے دہشتگردوں کی دوبارہ آبادکاری جیسے سنگین مسئلے پر عوامی مفاد کی بجائے حکومتی پالیسی کو تحفظ فراہم کیا۔

اے این پی کے صوبائی صدرنے کہاکیا عدالتوں کا بنیادی کام آئین کا تحفظ اور عوامی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانا نہیں ؟ یہ نہ صرف قابل افسوس بلکہ پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کیلئے سنگین خطرات کا پیش خیمہ بھی ہے، اے این پی کسی بھی ایسی پالیسی کو تسلیم نہیں کرے گی جو پختون قوم کی سلامتی اور امن کےخلاف ہو،اپنی سرزمین کو دہشت گردوں اور ان کے حمایتیوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی اجازت نہیں دیں گے، امن کے داعی ہیں، آنے والی نسلوں کے تحفظ اور حق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے، بابر خان یوسفزئی کو سپریم کورٹ کیلئے اپیل تیار کرنے کا ٹاسک دیدیا۔