ن لیگ نے پی پی سے سندھ میں پاور شیئرنگ حصہ مانگ لیا

لاہور:(سٹاف رپورٹر،اپنے رپورٹر سے) کابینہ میں شامل ہوں،محرومیاں ختم کردیں گے،ن لیگ نے پیپلز پارٹی کو پیشکش کردی،پنجاب میں پاور شیئرنگ کے معاملے پر کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ نے پنجاب میں پاور شیئرنگ کے بدلے پیپلز پارٹی سے سندھ میں حصہ مانگ لیا ،پیپلز پارٹی نے پنجاب میں لیگی اراکین کے برابر ترقیاتی فنڈز دینے کا مطالبہ دہراتے ہوئے مختلف محکموں کی چیئرمین شپ نہ ملنے ، افسروں کی تعیناتی کا وعدہ پورا نہ ہونے کا شکوہ کیا اور20 ہزار سے زائد ووٹ لینے والے ٹکٹ ہولڈرز کو ترقیاتی فنڈ دینے کا مطالبہ کیا،پیپلز پارٹی نے پنجاب میں نئے لوکل ایکٹ بل پر تحفظات کا اظہار بھی کردیا۔

ن لیگی رہنماوں نے شکوہ کیا پیپلز پارٹی تنقید کرتی اور فنڈز بھی برابر کے مانگتی ہے،ن لیگ نے کابینہ میں شامل ہونے پر پیپلز پارٹی کو محرومیاں ختم کرنے کی پیشکش کر دی جبکہ پنجاب میں پاور شیئرنگ کے معاملات دیکھنے کےلئے سب کمیٹی قائم کردی گئی۔