اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ہمیں ایک ہونا چاہئے، امید ہے دہشت گردی کے واقعہ کے بعد ساری جماعتیں اکٹھی ہوں گی۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشت گردوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، یہ اندوہناک واقعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بولان میں ہمارے سکیورٹی فورسز کے 4 جوان اور 20 مسافر شہید ہوئے جن کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، پاک فوج دہشت گردی کیخلاف قربانیاں دے رہی ہے، سکیورٹی فورسز نے آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔انکا کہنا تھا کہ ہم پوائنٹ آف آرڈر مانگیں تو اکثر ملتا نہیں، پوائنٹ آف آرڈر مل جائے تو وقت پورا نہیں دیتے، پارلیمنٹ میں ہماری بات کو میوٹ نہ کیا جائے، آئین میں بھی لکھا ہے 130 دن سیشن ہو، آخری بار بھی 89 دن سیشن چلا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب کوئی بل آئے اور کوئی قانون بنتا ہے تو اس پر بھی گفتگو ہونی چاہئے، صدر صاحب نے دوسری بار خطاب کیا ہے، رولز کی پاسداری ہونی چاہئے، ایوان کی پاسداری ہونی چاہئے، اس طرح کسی ایک کیلئے بھی حالات سازگار نہیں ہوں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ماضی کو بھول کر آگے کی طرف بڑھنا ہوگا، جس پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں نے تو ماضی کو بھولنے کی بہت کوشش کی لیکن آپ بھولنے نہیں دیتے۔
ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ایک ہونا چاہئے: بیرسٹر گوہر



















