ٹرمپ کی نئی ویزا پالیسی، پاکستانیوں پر امریکہ کے دروازے بند ہونے کا امکان

واشنگٹن:(بیورورپورٹ) ٹرمپ انتظامیہ نے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کردیا،پاکستانی،افغان شہریوںپر امریکہ کے دروازے بند ہونے کا امکان ہے، پالیسی اگلے ہفتے سے نافذ ہو سکتی ہے، فیصلے کی بنیاد حکومت کی جانب سے سکیورٹی ، ویزا جانچ کے خطرات کے جائزے پر رکھی گئی۔

ذرائع کے مطابق اقدام سکیورٹی خدشات ،ویزاسکریننگ میں سختی کی بنیاد پر لیا جا رہا ہے، دیگر ممالک کو بھی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے لیکن ابھی تک نام واضح نہیں ، فیصلہ ٹرمپ کی 2017 میں عائد کردہ متنازع مسلم پابندی کی یاد دلاتا ہے جسے سپریم کورٹ نے 2018 میں برقرار رکھا تاہم سابق صدر جو بائیڈن نے 2021 میںپابندی کو ختم کرتے ہوئے قومی ضمیر پر بدنما داغ قرار دیا۔

پابندی کے باعث ہزاروں افغان شہری متاثر ہو سکتے ہیں جو امریکہ میں بطور مہاجر یا سپیشل امیگرنٹ ویزا ہولڈرز آباد ہونے کے منتظر ہیں،ذرائع کے مطابق پاکستان کا نام بھی فہرست میں شامل کیے جانے کی تجویز دےدی گئی اگر ایسا ہوا تو پاکستانی شہریوں کےلئے امریکہ میں داخلہ مزید مشکل ہو جائے گا، نئی سفری پابندیاں ٹرمپ کے امیگریشن سختیوں کے دوسرے دور کا حصہ ہے ۔