لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاﺅس لاہور میں جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب حسن مرتضی اورپیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے وفد نے چیف کوآرڈینیٹر پی پی پی جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد نے جنوبی پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عوامی سہولتوں کے فقدان اور ماہ رمضان میں گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے دورے کی دعوت بھی دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ صوبے کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی، گڈگورننس اور ان کے مسائل کا حل ترجیحات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب اور محروم طبقے کے حقوق کی بات کی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبے کے دوردراز پسماندہ علاقوں میں عوام کو تعلیم اور صحت سمیت دیگر بنیادی سہوتوں کی فراہمی کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکرز ہماری طاقت ہیں انہیں کوئی مسئلہ پریشانی ہوگی تو ان کیلئے گورنر ہاﺅس کے دروازے کھلے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے ورکرز کو وہ عزت اور مقام دیا ہے جن کے وہ حق دار ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام جلد حاصل کرے گی۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی طاقت اور محنت سے بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے کیونکہ بلاول بھٹو زرداری میں ایسی قائدانہ صلاحیتیں ہیں جو ملک کو بہتر انداز میں آگے لے کر جاسکتے ہیں۔چیف کوآرڈینیٹرپی پی پی جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین نے کہا کہ ورکرز کیلئے گورنر ہاوس کے دروازے کھول کر ثابت کیا ہے کہ سردار سلیم حیدر خان عوامی گورنر ہیں۔وفد میں خواجہ رضوان عالم سینئر نائب صدر پی پی پی جنوبی پنجاب، ملک ریاض حسین سامٹہ ضلعی صدر پی پی پی لیہ اور ساجد علی خان ضلعی جنرل سیکرٹری پی پی پی ملتان سمیت دیگر شامل تھے۔
پیپلز پارٹی پنجاب میں دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام جلد حاصل کرے گی:سردار سلیم حیدر



















