برطانیہ میں سعودی سفیر نے فلسطین کیلئے یک ریاستی حل مسترد کر دیا
لندن (مشرق نیوز) برطانیہ میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ خالد بن بندر نے ریاض کے اس مقف کی تصدیق کی ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے دو ریاستی حل ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایم ای این اے میں قائم تھنک ٹینک ایس آر ایم جی تھنک کی میزبانی میں عرب نیوز کے ایڈیٹر انچیف فیصل عباس کے ساتھ ایک پینل ڈسکشن منقعد ہوئی جس میں بات کرتے ہوئے سفیر نے واضح کیا کہ مملکت یک ریاستی حل کے کسی بھی تصور کو مسترد کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ابھی گفتگو ہو رہی ہے اور عرب سربراہی اجلاس میں معاہدہ ہو جائے گا۔ میرے لئے اس کے بارے میں بات کرنا تھوڑا قبل از وقت ہے لیکن میں آپ کو یہ بتا دوں کہ یقینا ہمارے سامنے کچھ بھی قابل پیش گوئی نہیں۔ فوری طور پر کوئی ایک ریاستی حل نہیں ہے۔ جہاں تک ہمارا تعلق ہے تو ہم غزہ کے لوگوں کی نقل مکانی کو خوشحالی کے حصول کیلئے ایک قابل عمل طریقہ نہیں سمجھتے۔ شہزادہ خالد نے کہاکہ مجھے ایک حل تلاش کرنے کیلئے امید کی کرن نظر آتی ہے کیونکہ بہت حد تک دنیا کا تقریبا ہر ملک اسی نکتے پر پہنچ گیا ہے جس کی امن کیلئے ضرورت ہے تاہم انہوں نے ایک اہم رکاوٹ کی طرف اشارہ کیا اسرائیل کی مشغولیت کا فقدان۔سفیر نے کہاپہلی بار بہت واضح طور پر ہمارا سب سے بڑا مسئلہ اسرائیل سے نمٹنا ہے۔ تل ابیب کی حکومت کے پاس لگتا ہے کوئی حل نہیں ہے اور جو حل اس اسرائیلی حکومت کے سب سے زیادہ صاف گو اراکین پیش کرتے ہیں وہ حل نہیں ہیں۔ انہوں نے بات جاری رکھی۔ ایک دو دن دیں اور مزید باتیں سامنے آ جائیں گی۔ میں آپ کو اس بات کی ضمانت دے سکتا ہوں کہ مجموعی طور پر ہم دو ریاستی حل یعنی فلسطین کی حکومت پر متفق ہیں اور پھر ہم ہر چیز پر بات کر سکتے ہیں لیکن باقی سب کچھ اس کے بغیر نہیں ہو گا۔ عرب ریاستیں غزہ میں ہونے والی تباہی کی مذمت کرنے اور فوری امن مذاکرات کا مطالبہ کرنے کیلئے متحد ہو گئی ہیں۔ تاہم شہزادہ خالد نے کہا کہ انہوں نے گذشتہ ماہ کے دوران نکت نظر میں ایک قابل ذکر تبدیلی دیکھی ہے۔



















