نیویارک (خواجہ فاروق) کوئی تقریب نہ احتجاج،امریکہ میں یوم کشمیر پر مکمل خاموشی،نااہل” ٹرائیکا “نے مسئلہ کشمیر کو مذاق بنادیا،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں تقاریب، احتجاج، ریلیاں،مظاہرے کئے گئے لیکن امریکہ میں مکمل خاموشی رہی،صرف چند افراد کی نام نہاد میٹنگ پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کاسبب بنی،نااہل ” ٹرائیکا “کی نااہلی و مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے کے عمل سے مایوس کسی بھی کشمیری،پاکستانی نے مظاہرے میںشرکت کرنا مناسب نہ سمجھا ،حکومت کی کشمیر پالیسی امریکہ میں مذاق بن کر رہ گئی۔ذرائع کے مطابق بھارتی حلقوں نے ایک اور ناکام ترین احتجاج پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے اپنی حکومت کو رپورٹ دی کہ امریکہ میں اب کشمیر پر آواز اٹھانے والا کوئی نہیں،پاکستانی سفارتکاروں کی نااہلی نے بھارتی موقف مزید مضبوط کردیا۔دوسری جانب امریکہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا امریکہ میں سفارتی ناکامی کی ایک اور تاریخ رقم کی گئی۔”ٹرائیکا“سفیر رضوان سعید شیخ،اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم اور قونصل جنرل نیویارک عامر اتوزئی کو نااہلیوں کے باوجود نہ ہٹانا سوالیہ نشان ہے۔کشمیریوں اور اوورسیز نے مزید کہا کہ نااہل سفارتکار تقاریب میں برملا کہتے ہیں کہ بھارت کی جانب سے خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد مسئلہ کشمیر دفن ہوچکا، اب کچھ نہیں ہوسکتا، تنازع کو چھوڑ کر معیشت کی بات کریں، بھارت سے تجارت بڑھانا ہوگی، تینوں کشمیریو ں کو ملنا تک گوارہ نہیں کرتے ۔قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا،آزادی کیلئے ہزاروں کشمیری بہن بھائیوں،بچوں، بزرگوں نے جانیں قربان کیں، مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنا شہداسے غداری ہے۔ نااہل سفار تکار صرف اورصرف اپنے مفادات کیلئے کام کررہے ہیں،وزیراعظم اور آرمی چیف فوری نوٹس لیکر نااہل سفارتی عملے کی جگہ ملک وقوم اور کشمیریوں کیلئے درد دل رکھنے والوں کو تعینات کریں، مسئلہ کشمیرپرواضح سٹینڈلےکرامریکہ میں مقیم ہزاروں کشمیریوں، اوورسیز پاکستانیوں کواعتمادمیں لیں اورمعاونت سے ہرفورم پر آواز بلند کریں، اب بھی نوٹس نہ لیا گیا تو کشمیری انتہائی راست اقدام اٹھانے مجبور ہوں گے۔
پاکستانی کشمیری اوورسیزنے مزید کہا مسئلہ کشمیر پر حکومت ڈرون حملوں کی طرز پر دکھاوے کااحتجاج کرتی ہے،امریکہ میں فرضی احتجاج سے ظاہر ہوتا ہے پاکستان کی شہ رگ کاسودا کرلیا گیا،جرم پر پر دہ پوشی کی جارہی ہے،وزارت خارجہ کا مسئلہ کشمیر پر کوئی واضح پالیسی نہ دینا لمحہ فکریہ ہے۔
کوئی تقریب نہ احتجاج،امریکہ میں یوم کشمیر پر مکمل خاموشی



















