ہمیں مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، تارکین وطن کا شکوہ

نیویارک (بیورو رپورٹ) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ترسیلات زر کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں ہمیشہ ایک بنیادی کردار ادا کیا ہے لیکن اسکے باوجود معاشی بحران کے اس اہم موڑ پر انہیں مسلسل نظر اندازکیا جا رہا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے حکمران سیاسی اشرافیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے ”سوہنی دھرتی“ ایپ کی فعالیت کو بحال کرنے کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ناراض تارکین وطن نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، لیکن پھر بھی ہمارے خدشات کو بے حسی سے دیکھا جاتا ہے۔ ہم حکومت سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس مسئلے کی اہمیت کو تسلیم کرے اور اور اسکے حل کیلئے فوری کارروائی کرے۔ گیند اب حکومت کے کورٹ میں ہے کہ وہ جوابدہی کا مظاہرہ کرے اور اس بات کو یقینی بنا ئے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ ہو۔ فوری کارروائی کے بغیر، یہ حل نہ ہونے والا معاملہ ایسے وقت میں سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کو مزید ٹھیس پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے جب ملکی معیشت میں انکا کردار پہلے سے زیادہ اہم ہے۔